نئی دہلی: نیٹ یو جی (NEET UG) کا دوبارہ امتحان آج ملک بھر میں سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان منعقد کیا جا رہا ہے۔ امتحان دوپہر 2 بجے شروع ہوگا اور شام 5:15 بجے تک جاری رہے گا۔ پیپر لیک تنازعے کے بعد مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے امتحان کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔
اتر پردیش میں انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے، جہاں ریاست کے 60 اضلاع میں 760 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان مراکز پر تین لاکھ سے زائد امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے۔ امتحانی مراکز کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور ہر سرگرمی پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔
امتحان کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں، بائیومیٹرک تصدیق، چہرے کی شناختی نظام اور لائیو مانیٹرنگ جیسے جدید انتظامات نافذ کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی افواہ یا گمراہ کن معلومات کو فوری طور پر روکا جا سکے۔
حکام کے مطابق سوالیہ پرچوں کی ترسیل، ذخیرہ اور امتحانی مراکز تک محفوظ پہنچانے کے عمل میں سخت حفاظتی پروٹوکول پر عمل کیا جا رہا ہے۔ سوالیہ پرچوں اور او ایم آر شیٹس کی حفاظت کے لیے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ قائم ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ یو جی امتحان کے لیے نافذ کیا گیا یہ کثیر سطحی حفاظتی نظام اب تک کے سخت ترین انتظامات میں شمار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد امیدواروں کے اعتماد کو بحال کرنا اور امتحان کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔