دہلی پولیس کی ایک 27 سالہ خاتون SWAT کمانڈو کی موت کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق، خاتون کمانڈو کی موت اس کے گھر میں ڈمبل سے چوٹ لگنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔ مقتولہ کا نام کاجل چودھری ہےاور وہ چار ماہ کی حاملہ تھیں۔ یہ واقعہ 22 جنوری کو مغربی دہلی کے موہن گارڈن میں ان کے گھر پر پیش آیا۔ پولیس نے معاملے میں کاجل کے شوہر انکور کو چند گھنٹوں کے اندر ہی گرفتار کر لیا۔ انکور، وزارت دفاع میں کلرک ہیں اور دہلی کینٹونمنٹ میں تعینات ہیں۔ پانچ دن تک ہسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد 27 جنوری کو کاجل نے دم توڑ دیا۔ اب کاجل کے بھائی نے پورے معاملے میں کئی انکشافات کیے ہیں۔
ایک خوفناک کال، 5 منٹ بعد ہی موت کی خبر
کاجل کے بھائی نکھل نے پورے معاملے میں ایک فون کال کا ذکر کیا ہے، جس میں انہوں نے چونکا دینے والے دعوے کیے ہیں۔ نکھل نے اس فون کال کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بہن کاجل کے شوہر انکور نے ان سے فون پر کہا کہ اس کال کو ریکارڈ کر لو، کیونکہ یہ پولیس کے لیے اہم ثبوت کا کام آئے گا۔ اس کے بعد انکور نے کہا کہ وہ کاجل کو مار رہا ہے اور پولیس اس کا کچھ نہیں بگاڑ پائے گی۔
نکھل نے بتایا کہ اس کے فوراً بعد انہوں نے اپنی بہن کی چیخیں سنیں اور فون کٹ گیا۔ نکھل کے مطابق، یہ سب اس وقت شروع ہوا جب انکور نے انہیں فون کرکے کہا کہ اپنی بہن کو سمجھا لو۔ نکھل نے انکور کو پرسکون رہنے کو کہا اور فوراً اپنی بہن کو فون لگایا۔
میں مار رہا ہوں تیری بہن کو... فون کال پر انکشاف
نکھل نے بتایا کہ کاجل عام طور پر انہیں اپنے گھر کی باتیں زیادہ نہیں بتاتی تھیں، لیکن اس دن وہ اپنی پریشانی بتا رہی تھیں۔ جب وہ بات کر رہے تھے تو انکور کو غصہ آ گیا کہ کاجل اسے سب کچھ بتا رہی ہے۔ اس نے کاجل سے فون چھین لیا۔ اس کے بعد انکور نے نکھل سے کہا:اس کال کو ریکارڈنگ پر رکھ، پولیس ایویڈنس میں کام آئے گا۔ میں مار رہا ہوں تیری بہن کو۔ پولیس میرا کچھ نہیں کر پائے گی۔ نکھل نے بتایا کہ اس کے بعد انہوں نے اپنی بہن کی چیخیں سنیں اور کال اچانک کٹ گئی۔
بھائی نکھل نے بتایا کہ فون کال کے بعد کیا ہوا؟
نکھل نے بتایا کہ اس واقعے کے مشکل سے پانچ منٹ بعد ہی انہیں انکور کا ایک اور فون آیا۔ انکور نے کہا:یہ مر گئی ہے۔ ہسپتال آ جاؤ۔ نکھل اور ان کے خاندان والے فوراً پولیس کے ساتھ ہسپتال پہنچ گئے۔ وہاں انکور اور اس کے خاندان والے پہلے سے ہی موجود تھے۔ نکھل نے کہا کہ جب انہوں نے اپنی بہن کو دیکھا تو انہیں لگا کہ کوئی دشمن بھی کسی کے ساتھ ایسا نہیں کرتا۔
نکھل خود ایک پولیس کانسٹیبل ہیں اور پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں تعینات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب یہ حملہ ہوا تو وہ اپنی بہن سے فون پر بات کر رہے تھے۔ انہوں نے اس فون کال کا ذکر کیا اور پھر پانچ منٹ بعد ہی موت کی خبر مل گئی۔
خاندان کا رو رو کر برا حال
کاجل دہلی پولیس کی SWAT یونٹ کی ایک بہادر کمانڈو تھیں۔ ان کی موت سے خاندان اور محکمے میں غم اور غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بھائی نکھل نے جمعرات کو میڈیا اور پولیس کے سامنے بہن کے حاملہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے معلومات دیں تو یہ معاملہ اور بھی سنگین ہو گیا۔ پولیس اب اس پورے واقعے کے پیچھے حقیقی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پولیس کو اب یہ جاننا ہے کہ وہ کون سا راز تھا جس کی وجہ سے انکور نے اپنی بیوی کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔