مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بہار کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے جمعہ 17 اکتوبرکو پٹنہ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی۔ ملاقات تقریباً 20 منٹ تک جاری رہی۔اس دوران الیکشن کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن ہوئی۔ اس سے قبل جمعرات کو امت شاہ نے کہا تھا کہ بہار انتخابات این ڈی اے نتیش کمار کی قیادت میں لڑے گی۔انتخابات کے بعد این ڈی اے کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
اگر این ڈی اے حکومت بنی تو وزیر اعلیٰ کون؟
امیت شاہ نے واضح کیا ہے کہ این ڈی اے نتیش کمار کی قیادت میں بہار کا الیکشن لڑ رہی ہے، لیکن انہوں نے ابھی تک وزیر اعلیٰ کے عہدے کے بارے میں کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نتیش وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر پیش کرنا چاہتے تھے، لیکن بی جے پی اس کے لیے تیار نہیں ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ نتیش کی پارٹی جے ڈی یو نے اب تک بہار انتخابات میں بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے لیکن اس بار بی جے پی برابری کی بنیاد پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ امیت شاہ سے حال ہی میں ایک انٹرویو میں پوچھا گیا تھا کہ اگر این ڈی اے حکومت بناتی ہے تو وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟ جس پر انہوں نے بغیر کسی بات کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ۔این ڈی اے ایک بڑا اتحاد ہے اور تمام پارٹیاں مل کر فیصلہ کریں گی۔
بہار بی جے پی صدر نے کہی یہ بات:
ادھر، بہار بی جے پی صدر دلیپ کمار جیسوال نے بھی تصدیق کی ہے کہ نتیش کمار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کا چہرہ ہوں گے۔ انڈیا ٹی وی کے الیکشن فورم میں بات کرتے ہوئے جیسوال نے کہا کہ این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نتیش کمار کی قیادت میں انتخابات لڑیں گے اور مستقبل میں بھی این ڈی اے ان کی قیادت میں کام کرتا رہے گا۔
این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم کا فارمولہ:
واضح رہے کہ بہار میں بی جے پی اور جے ڈی یو 101-101 سیٹوں پر انتخابات لڑ رہے ہیں، جبکہ مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی کی ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر) اور راجیہ سبھا رکن اپندر کشواہا کی راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کو چھ چھ سیٹیں دی گئی ہیں۔ وہیں، مرکزی وزیر چراغ پاسوان کی زیرقیادت لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کو 29 سیٹیں دی گئی ہیں۔ 243 رکنی بہار اسمبلی کے انتخابات دو مراحل میں 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے، جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔