بجلی کے مرکزی وزیر منوہرلال نے کشتواڑ کا دورہ کیا۔ اس موقع پرانہوں نے ضلع میں جاری بجلی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سلال اور ریتلے بجلی پروجکٹ کے حوالے سے مرکزی وزیر نے کہا کہ چناب اور سندھ منصوبوں پر پاکستان کا کوئی اعتراض قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے حکام سے ملاقات میں پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل اور موثر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
بجلی کے وزیر منوہر لال نے آج بروز پیر 5 جنوری 2026 کو جموں و کشمیر کا اپنا دو روزہ دورہ مکمل کیا ۔ پہلے دن4 جنوری کو منوہر لال نے سلال ، ساول کوٹ اور رتلے پروجیکٹوں کا جائزہ لیا تھا ۔کل دیر گئے ، وزیر موصوف این ایچ پی سی کے ڈلھستی پاور اسٹیشن ، کشتواڑ پہنچے ، اور ان کا استقبال جناب سنجے کمار سنگھ ، ڈائریکٹر (پروجیکٹس) اور جناب رمیش مکھیا ، منیجنگ ڈائریکٹر ، چناب ویلی پاور پروجیکٹس لمیٹڈ (سی وی پی پی) اور این ایچ پی سی اور سی وی پی پی کے دیگر عہدیداروں نے کیا ۔
دوسرے دن منوہر لال نے سی وی پی پی کے تینوں پروجیکٹوں یعنی پاکل ڈل (1000 میگاواٹ) کرو (624 میگاواٹ) اور کوار (540 میگاواٹ) کا معائنہ کیا اور پروجیکٹ کے سربراہوں اور ٹھیکیداروں کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی۔ این ایچ پی سی کے سی ایم ڈی نے وزیر کو تین زیر تعمیر منصوبوں کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ، جس کے بعد جناب منوہر لال نے پاکل ڈل اور کرو منصوبوں کو دسمبر 2026 تک اور کوار منصوبے کو مارچ 2028 تک شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔
منوہر لال نے NHPC کے سلال پاور پروجیکٹ کا دورہ کیا، جہاں انہیں جاری کاموں سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے NHPC کو سلال آبی ذخائر سے تلچھٹ ہٹانے کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع ریاسی میں دریائے چناب پر واقع سلال پاور اسٹیشن سندھ آبی معاہدہ (IWT) کے خاتمے کے بعد تلچھٹ کو ہٹانے کا کام کر رہا ہے، جس کا مقصد جمع شدہ گاد کو ہٹانا اور آبی وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا ہے۔
سلال پاور اسٹیشن کے دورے کے دوران، وزیر نے ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے، پاور اسٹیشن کے احاطے میں شجرکاری مہم بھی چلائی۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ اور مختلف متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام سے بھی بات چیت کی تاکہ کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے مربوط کوششوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
کشتواڑ کے راستے میں، منوہر لال نے ساولکوٹ ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ (1856 میگاواٹ) کا فضائی معائنہ کیا۔کشتواڑ پہنچنے پر، انہوں نے رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیم کنکریٹنگ کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور پراجیکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ کام کو موثر اور مقررہ مدت میں مکمل کریں۔
وزیر موصوف نے مختلف کام کی جگہوں پر مقامی باشندوں اور کارکنوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور ان کے مسائل کو اطمیانان کے ساتھ سنا۔ تمام کاموں کا جائزہ لینے کے بعد وزیر موصوف نے چیلنجنگ حالات میں کام کرنے والے اہلکاروں اور کارکنوں کی تعریف کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔