• News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • لال قلعہ سے نوجوانوں کے لیے پی ایم مودی کا بڑا اعلان

لال قلعہ سے نوجوانوں کے لیے پی ایم مودی کا بڑا اعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 15, 2026 IST

لال قلعہ سے نوجوانوں کے لیے پی ایم مودی کا بڑا اعلان
80ویں یومِ آزادی کے موقع پر لال قلعہ سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے نوجوانوں کے لیے کئی بڑے اعلانات کیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وکست بھارت یعنی ترقی یافتہ ہندوستان کے سفر میں سب سے اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ حکومت آنے والے سال میں ایک کروڑ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (AI) کی مہارتوں میں تربیت دینے کا ہدف لے کر آگے بڑھے گی۔ ان کے مطابق اس کا مقصد ہندوستانی نوجوانوں کو نئی ٹیکنالوجی سے جوڑنا اور انہیں عالمی سطح پر مقابلے کے لیے تیار کرنا ہے۔ مودی نے کہا کہ دنیا تیزی سے AI کے دور میں داخل ہو رہی ہے اور ہندوستان کے نوجوانوں میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اس شعبے میں دنیا کی قیادت کر سکتے ہیں۔
 
 
وزیراعظم نے ملک میں کوچنگ کلچر کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے کوچنگ کلاسز غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں پر ایک بڑا مالی بوجھ بن گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی خاندانوں کو یہ احساس ہونے لگا ہے کہ اگر وہ اپنے بچوں کو کوچنگ کے لیے نہیں بھیجتے تو شاید وہ پیچھے رہ جائیں گے۔ حکومت اس مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ مختلف امتحانات کی تیاری کے لیے مفت آن لائن کوچنگ کی سہولت فراہم کرنے کی سمت میں بھی کام کیا جائے گا، تاکہ مالی وسائل کی کمی کسی نوجوان کے خواب کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔
 
2036 اولمپکس کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ مہم
 
وزیراعظم نے کھیلوں کے میدان میں بھی نوجوانوں کے لیے بڑے منصوبے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان 2036 کے اولمپکس کی میزبانی کے لیے مضبوط دعویدار ہے اور 2030 کے کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کی بھی تیاری کر رہا ہے۔ مودی نے بتایا کہ 2036 اولمپکس کے لیے خصوصی ٹیلنٹ ہنٹ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ان کھیلوں میں بھی نوجوان صلاحیتوں کو تلاش کرنا ہے جن میں ہندوستان روایتی طور پر زیادہ حصہ نہیں لیتا۔ انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں 325 سے زیادہ مقابلے ہوتے ہیں، لیکن ہندوستان ان میں سے تقریباً دو تہائی مقابلوں میں حصہ نہیں لیتا۔ اب حکومت ان کھیلوں پر توجہ مرکوز کرے گی جہاں ہندوستان کی موجودگی محدود ہے۔
 
گاؤں گاؤں سے تلاش ہوگا ٹیلنٹ
 
وزیراعظم نے کہا کہ اگر 2036 میں ہندوستان کو بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی تیار کرنے ہیں تو آج سے ہی کام شروع کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو بچے آج پانچ یا دس سال کے ہیں، ان میں سے کئی مستقبل کے اولمپک چیمپئن بن سکتے ہیں۔ اس لیے کھیلوں کی صلاحیت تلاش کرنے کے لیے صرف بڑے شہروں تک محدود رہنے کے بجائے گاؤں گاؤں تک پہنچنا ہوگا۔ مودی کے مطابق ہندوستان کے نوجوان آج کھیلوں میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں اور عالمی مقابلوں میں ہندوستانی ترنگا بلند ہو رہا ہے۔ اب حکومت کا ہدف ہے کہ ٹیکنالوجی، تعلیم اور کھیل—تینوں میدانوں میں نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔