وزیراعظم نریندر مودی آج سے شروع ہونے والے مائی بھارت بجٹ کوئسٹ 2026 کے ریاستی اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کی سطح کے فاتحین سے بات چیت کریں گے۔ یہ پہل نوجوانوں کو مرکزی بجٹ پر تبادلہ خیال کرنے اور وکست بھارت کی تعمیر کے بارے میں اپنے خیالات اور نقطۂ نظر کا اظہار کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ اس تقریب میں نوجوان ذہنوں کو شراکتی حکمرانی اور اقتصادی منصوبہ بندی میں شامل کرنے پر خاص توجہ دی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد پالیسی سازی میں نوجوان نسل کے کردار کو مضبوط بنانا اور 2047 تک اتمانیر بھر وکست بھارت کی تعمیر میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانا ہے۔ مرکزی بجٹ 2026 کو بڑے پیمانے پر یووا شکتی سے چلنے والا بجٹ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں تعلیم، ہنر مندی، صنعت کاری، اختراعات اور مستقبل کے لیے تیار ترقی کے مواقع میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہندوستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کانگریس کے سینئر لیڈر منی شنکر ایئر نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ منی شنکر ایئر نے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وزیراعظم کا تعلق کسی نیچ ذات سے ہے بلکہ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایک نیچ قسم کے آدمی ہیں۔
کانگریس لیڈر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اکثر جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے یہ بھی کبھی نہیں کہا کہ ایک چائے والا وزیراعظم نہیں بن سکتا۔ منی شنکر ایئر نے وزیراعظم مودی کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف دیے گئے بیانات پر بھی شدید تنقید کی۔