نئی دہلی ریلوے اسٹیشن (NDLS) پر اگلے چند دنوں تک پلیٹ فارم ٹکٹ جاری نہیں کیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ ہفتہ کو اسٹیشن پر پیش آنے والے حادثے کے بعد لیا گیا ہے۔ریلوے انتظامیہ نے اسٹیشن کاؤنٹر پر پلیٹ فارم ٹکٹوں کی فروخت 26 فروری تک روک دی ہے۔ اس کا اطلاق پیر یعنی آج سے ہو گیا ہے۔مہا کمبھ کی وجہ سے دہلی سے پریاگ راج جانے کے لیے ابھی بھی بھکتوں کی بھیڑ اسٹیشن پر جمع ہے ۔ لوگ بڑی تعداد میں اسٹیشن پہنچ رہے ہیں۔
ٹکٹ چیک کرنے کے بعد ہی داخلہ دیا جائے گا۔
ریلوے اسٹیشن پر رش کے پیش نظر ٹکٹ کلکٹر، ہیڈ ٹکٹ کلکٹر کے ساتھ ریلوے پروٹیکشن فورس (RPF) اور کمرشل عملہ کو تعینات کیا گیا ہے۔مسافروں کو ان کے ٹکٹ چیک کرنے کے بعد ہی ریلوے اسٹیشن کے اندر جانے کی اجازت ہوگی۔ خاندان کے افراد کو بزرگ مسافروں کو اتارنے کی اجازت ہوگی۔اسٹیشن کی سی سی ٹی وی اور کنٹرول روم کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے۔ اسٹیشن پر اعلانات کے ذریعے مسافروں کو خبردار کیا جا رہا ہے۔
اسٹیشن پر بھگدڑ مچنے سے 18 کی موت ہو گئی۔
یاد رہے کہ ہفتہ کی رات تقریباً 9.30 بجے اسٹیشن پر بھگدڑ مچ گئی۔ حادثے میں 18 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 14 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ تقریباً 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔مرنے والوں میں 9 کا تعلق بہار ، 8 کا دہلی اور 1 کا ہریانہ سے ہے۔ پولیس نے کہا کہ واقعہ غالباً پریاگ راج نامی دو ٹرینوں کے اعلان کی وجہ سے پیش آیا۔ریلوے نے مرنے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو ڈھائی لاکھ روپے کے معاوضہ کا اعلان کیا۔