Sunday, February 01, 2026 | 13, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • یوم جمہوریہ کے موقع پرپولیس اہلکاروں کو اعزاز، جموں و کشمیر پولیس کو سب سے زیادہ بہادری کے میڈل

یوم جمہوریہ کے موقع پرپولیس اہلکاروں کو اعزاز، جموں و کشمیر پولیس کو سب سے زیادہ بہادری کے میڈل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 25, 2026 IST

یوم جمہوریہ کے موقع پرپولیس اہلکاروں کو اعزاز،  جموں و کشمیر پولیس کو سب سے زیادہ بہادری کے میڈل
یوم جمہوریہ کے موقع پر وزارت داخلہ نے بہادری اور سروس میڈلز کا اعلان کیا ہے۔ اس بار 982 پولیس، فائر سروس، ہوم گارڈ، سول ڈیفنس اور اصلاحی خدمات کے اہلکاروں کو قوم کی خدمت کے اعزاز میں بہادری اور سروس میڈلز سے نوازا گیا ہے۔ ان میں 125 بہادری کے میڈل شامل ہیں۔ سب سے زیادہ 45 بہادری کے میڈل جموں و کشمیر آپریشن تھیٹر میں تعینات اہلکاروں کو دیے گئے ہیں۔
 
جموں و کشمیر پولیس کو سب سے زیادہ بہادری کے میڈل:
 
جموں و کشمیر آپریشن تھیٹر کے بعد نکسل متاثرہ علاقوں کے 35 اور شمال مشرقی علاقے میں تعینات 5 اہلکاروں کو بہادری کے میڈل دیے گئے ہیں۔ فائر سروس کے 4 ریسکیو ورکر بھی بہادری کے میڈل حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ 40 میڈل ملک کے دیگر علاقوں سے ہیں۔ ریاستی سطح پر پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کو سب سے زیادہ 33، مہاراشٹر پولیس کو 31، اتر پردیش پولیس کو 18 اور دہلی پولیس کو 14 بہادری کے میڈل ملے ہیں۔
 
سروس میڈل میں کسے کتنے میڈل ملے؟
 
982 میڈلز میں 125 بہادری کے اور 857 سروس میڈل ہیں۔ ان 857 میں 101 پریزیڈنٹس میڈل فار ڈسٹنگوئشڈ سروس (PSM) اور 756 میڈل فار میریٹوریس سروس (MSM) شامل ہیں۔ 101 PSM میں سے 89 پولیس اہلکاروں، 5 فائر سروس اہلکاروں، 3 سول ڈیفنس-ہوم گارڈ سروس اور 4 اصلاحی خدمات کے لیے دیے گئے ہیں۔ جبکہ 756 MSM میں 664 پولیس سروس، 34 فائر سروس، 33 سول ڈیفنس-ہوم گارڈ اور 25 اصلاحی خدمات کے لیے دیے گئے ہیں۔
 
مسلح افواج میں صرف CRPF کو بہادری کا میڈل:
 
سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (CAPF) کی بات کریں تو صرف سنٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) ہی واحد فورس ہے جسے 12 بہادری کے میڈل ملے ہیں۔ فورس کو 5 PSM اور 57 MSM بھی ملے ہیں۔ بارڈر سیکیورٹی فورس (BSF) کو سب سے زیادہ 46 MSM ملے ہیں۔ دریں اثنا، سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (CBI) کے 31 افسران اور اہلکاروں کو مخصوص خدمات کے لیے پریزیڈنٹ پلیس میڈل اور قابل تعریف خدمات کے لیے پولیس میڈل سے نوازا گیا ہے۔
 
خیال رہے کہ بہادری کا میڈل ان اہلکاروں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے غیر معمولی ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہو۔ یہ ان بہادرانہ کارناموں کے لیے ہوتا ہے جہاں جان کا سنگین خطرہ ہو۔ PSM ان افسران کو دیا جاتا ہے جن کا سروس ریکارڈ طویل عرصے تک خاص طور پر شاندار رہا ہو۔ جبکہ MSM ان اہلکاروں کو  بھی دیا جاتا ہے جنہوں نے وسائل کی کمی اور مشکل حالات کے باوجود فرض کے تئیں غیر معمولی لگن اور قربانی کا مظاہرہ کیا ہو۔