ریاست تلنگانہ میں پہلے دو مرحلوں میں ہونے والے ایم پی ٹی سیز اور زیڈ پی ٹی سیز انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ایک کال سنٹر قائم کیاہے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے ریاست میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کل پانچ مرحلوں میں ہوں گے۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے انتخابات پہلے دو مرحلوں میں ہوں گے اور بقیہ تین مرحلوں میں سرپنچ کے انتخابات ہوں گے۔ریاستی الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کے پیش نظر لوگ انتخابی معلومات، شکایات اور متعلقہ مسائل سے متعلق تفصیلات 9240021456 نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ انتخابات کے پہلے مرحلہ کی پولنگ 23 جبکہ دوسرے مرحلہ کی پولنگ 27 اکتوبر کو ہوگی۔ گرام پنچایت انتخابات کیلئے پہلے مرحلہ کی پولنگ 31 اکتوبر۔ دوسرا مرحلہ 4 نومبر اور تیسرا مرحلہ 8 نومبر کو ہوگا۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد ہر مرحلے کے نتائج کا اعلان اسی دن کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ ووٹنگ کی گنتی 11 نومبر کو ہوگی۔
سیاسی سرگرمیاں تیز:
تلنگانہ میں بلدی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیاہے۔ اس سلسلہ میں بی جے پی ریاستی عہدیداروں کا اجلاس حیدرآباد میں بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ آفس میں پارٹی کے ریاستی صدر این رام چندر راؤ کی صدارت میں ہوا۔اس اجلاس میں پارٹی کے ارکان اسمبلی، ایم ایل ایز، ایم ایل سی اور ریاستی عہدیداروں نے شرکت کی۔ کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا، بی جے پی لیجسلیٹیو پارٹی لیڈر مہیشور ریڈی، بی جے پی لیجسلیٹیو کونسل پارٹی لیڈر اے وی این۔ ریڈی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میٹنگ میں ریاست تلنگانہ میں آنے والے بلدیاتی انتخابات، پارٹی کی جانب سے شروع کئے جانے والے پروگراموں اور عوامی مسائل کے حل جیسے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ پارٹی صدر رامچندر راو نے عہدیداروں کو بلدی انتخابات کیلئے تیاررہنے کا مشورہ دیا۔
ریاست کو منشیات سے پاک بنانے حکومت کررہی ہے مختلف اقدامات:پونم پربھاکر
تلنگانہ کے وزیر پونم پربھاکر نے حیدرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے مقصد سے منعقدہ تھری کے رن میں حصہ لیا۔ اس رن میں سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بھی موجود تھیں۔اس موقع پر پونم پربھاکر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ منشیات اس وقت خاص طورپر نوجوانوں کیلئے ایک بڑی لعنت بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس لعنت سے دور رہنا ہر نوجوان کیلئے ضروری ہے۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ تلنگانہ حکومت منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کے خلاف سخت اقدامات کررہی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ ہمیں نہ صرف خود کو نشہ سے دور رکھناہے بلکہ اپنے آس پاس کے لوگوں کو بھی اس لعنت سے دور رکھنا ہے۔