وشاکھاپٹنم میں سنٹرل ٹرائبل یونیورسٹی کا پہلا کانووکیشن
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو ،رہیں مہمان خصوصی
373 طلباء کو ڈگریاں اور 13 گولڈ میڈلز سے نوازا گیا
ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کا طلبا کو دیا مشورہ
مرکزی وزیر پردھان، ریاستی وزراء لوکیش اور انیتا نے شرکت کی
دھرمیندر پردھان نے پی ایم شری ماڈل اسکول کا کیا دورہ
وشاکھاپٹنم میں سنٹرل ٹرائبل یونیورسٹی کا پہلا کانووکیشن منگل کو منعقد کیا گیا ۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو تقریب کی مہمان خصوصی تھیں ۔صدر جمہوریہ کے ہاتھوں سے جملہ 373 ڈگری اور پی جی طلباء کو ڈگریاں دی گئیں۔ شاندار تعلیمی کارکردگی دکھانے والے 13 طلباء کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
صدر جمہوریہ کے ساتھ گورنر عبدالنذیر، مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، ریاستی وزراء نارا لوکیش، ونگلا پوڈی انیتھا اور گمادی سندھیرانی نے کانووکیشن میں شرکت کی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کٹامانی، رجسٹرار جتیندر موہن اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر آندھرا پردیش کے وزیر برائے تعلیم و انسانی وسائل نارا لوکیش نے تقریب سے خطاب کیا۔تقریب میں طلبہ کو ڈگریاں اور اسناد فراہم کی گئیں، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ صدر جمہوریہ نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں قوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
اپنے خطاب میں نارا لوکیش نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت معیاری تعلیم، جدید تعلیمی سہولیات اور قبائلی علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ریاست و ملک کی ترقی کی بنیاد ہے۔تقریب میں یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام، اساتذہ، طلبہ، والدین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
قبل ازیں صدر دروپدی مرمو، جو اس تقریب میں شرکت کے لیے وشاکھاپٹنم ہوائی اڈے پر پہنچیں، ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ریاستی گورنر عبدالنذیر کے ساتھ اسپیکر ایانا پتروڈو، وزراء نارا لوکیش اور انیتا نے ان کا استقبال کیا۔
دھرمیندر پردھان نےپی ایم شری ماڈل اسکول کا کیا دورہ
آندھرا پردیش کے ضلع وجیا نگرم میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور ریاستی وزیر تعلیم نارا لوکیش نے پی ایم شری ماڈل اسکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول میں قومی تعلیمی پالیسی کے نفاذ اور اس کے تحت جاری تعلیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دونوں لےڈروں نے کلاس رومز، جدید تدریسی سہولیات، ڈیجیٹل لرننگ، سائنس لیبز اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ سے بھی بات چیت کی اور نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی کا مقصد طلبہ کو معیاری، جدید اور ہنر پر مبنی تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر مقابلے کے لیے تیار ہو سکیں۔ انہوں نے آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے این ای پی کے مؤثر نفاذ کی کوششوں کو سراہا۔
پون کلیان نے فڑنویس سےکی ملاقات
ممبئی میں آندھرا پردیش کے نائب وزیراعلیٰ پون کلیان نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے ان کے کیمپ آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دونوں ریاستوں کے باہمی مفادات سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا، جس میں مشرقی گھاٹ میں شیروں کے تحفظ اور جنگلی حیات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ملاقات کے دوران مہاراشٹر حکومت کی جانب سے آندھرا پردیش کو دو مادہ شیر فراہم کرنے کے فیصلے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پون کلیان نے اس تعاون پر مہاراشٹر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی گھاٹ کے جنگلات میں مادہ شیروں کی تعداد میں نمایاں کمی کے باعث جینیاتی مسائل پیدا ہو رہے تھے، جن کے حل کے لیے یہ اقدام نہایت اہم ثابت ہوگا۔