آج پورے ملک میں دیوالی منائی جارہی ہے۔ لوگ ایک دوسرے کو دیوالی کی مبارک باد دے رہے ہیں۔عام سے لیکر خاص تک سیاسی رہنما سے لیکر سماجی کارکن تک ایک دوسرے کے لیے نیک تمنائیں کر رہے ہیں،اسی پیش نظر صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو اور نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے بھی دیوالی کے موقع پرہم وطنوں کو مبارکباد دی ۔صدر جمہوریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تہوار، روشنی کی اندھیرے پرغالب کی،جہالت پر اچھائی کی، برائی پر کامیابی کی علامت ہے۔
انھوں نے ہر ایک سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ دیوالی، حفاظت، ذمے داری اور خوش انداز میں منا ئیں ۔صدر جمہوریہ نے یہ دعا بھی کی کہ یہ دیوالی سبھی کیلئے خوشی، امن اور خوشحالی لے کر آئے۔ جبکہ نا ئب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دیوالی، اچھائی کی برائی پر، اور علم کی جہالت پر کامیابی کی علامت ہے۔ انھوں نے دیوی لکشمی سے دعا کی ہے کہ وہ ہر ایک پر امن و خوشحالی اور تندرستی کی نعمتوں کی بارش کرے۔
وزیر اعظم نریندرمودی نے دی مبارکباد:
وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام ہم وطنوں کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا کہ روشنیوں کا یہ تہوار ہر فرد کی زندگی کو خوشی، خوشحالی اور ہم آہنگی سے روشن کرے۔ یہی ہماری مخلصانہ خواہش ہے۔انہوں نے کہا ،آئیے اس تہوار پر 140 کروڑ ہندوستانیوں کی کڑی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعات کا جشن منائیں۔ ہندوستانی مصنوعات خریدیں اور فخر سے کہیں، یہ سودیشی ہے! آپ نے جو کچھ خریدا ہے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں، آپ دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں گے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی آج گوا کے ساحل پر ہندوستانی بحریہ کے اہلکاروں کے ساتھ دیوالی منائیں گے۔2014 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے وزیر اعظم مودی نے افواج کے اہلکاروں کے ساتھ دیوالی منائی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم مودی آج گوا کے ساحل پر ہندوستانی بحریہ کے اہلکاروں کے ساتھ دیوالی منائیں گے۔
راہل نے کیا لکھا؟
راہل نے انسٹاگرام پر لکھا، دیوالی کے پرمسرت موقع پر تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ ہندوستان خوشیوں کے چراغوں سے روشن ہو، خوشی، خوشحالی اور محبت کی روشنی ہر آنگن میں پھیلے۔ساتھ ہی راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے سب کے لیے خوشگوار زندگی، امن اور خوشحالی کی دعا کی۔انہوں نے محبت، بھائی چارے، ہم آہنگی اور خیر سگالی کو فروغ دینے اور ناانصافی، جہالت اور امتیازی سلوک کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد پر زور دیا۔