آر جے ڈی نے بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں کل 143 امیدوار شامل ہیں۔ ان 143 امیدواروں میں نوجوانوں، خواتین اور اقلیتی طبقے کو ترجیح دی گئی ہے۔تاہم اس فہرست میں دلچسپ یہ ہے کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ٹکٹ پر گزشتہ بہار اسمبلی انتخابات میں جیت حاصل کرنےکے بعد آر جے ڈی میں شمولیت اختیار کرنے والے چار ایم ایل اے میں سے 3 ایم ایل اے کو آر جے ڈی نے ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ ان میں سے صرف ایک شاہنواز عالم کو'جوکی ہاٹ'سیٹ سےٹکٹ دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسد الدین اویسی کی قیادت والی اے آئی ایم آئی ایم کو 2022 میں اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب بہار میں پارٹی کے پانچ میں سے چار ایم ایل اے آر جے ڈی میں شامل ہوگئے۔ اس سے آر جے ڈی کو 243 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے واحد سب سے بڑی پارٹی کی حیثیت دوبارہ حاصل کرنے میں مدد ملی۔ تاہم اب آر جے ڈی نے چار میں سے تین کو درکنار کرتے ہوئے صرف ایک شاہنواز عالم کو ٹکٹ دیا ہے۔ان کی دوبارہ نامزدگی کی اہم وجہ ان کا سیاسی پس منظر سمجھا جاتا ہے۔ شاہنواز عالم سابق مرکزی وزیر محمد تسلیم الدین کے بیٹے ہیں۔ ان کا مقابلہ اپنے بھائی سرفراز عالم (جن سورج) منظر عالم (جے ڈی یو) اور مرشد عالم (اے آئی ایم آئی ایم) سے ہوگا۔
فی الحال، محمد اظہار آصفی کوچدھامن سے ایم ایل اے ہیں، سید رکن الدین احمد بیسی سے، اور محمد انظر نعیمی بہادر گنج سے ہیں۔ ان تینوں ایم ایل اے کی خواہشات کو مایوس کرتے ہوئے آر جے ڈی نے کوچدھامن سے مجاہد عالم کو امیدوار بنایا ہے۔ اسی طرح عبدالسبحان کو بیسی سے اور محمد جاوید کو بہادر گنج سے نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے اتوار 19 اکتوبر کو بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے 25 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی، جن میں دو غیر مسلم امیدوار بھی شامل ہیں۔مجلس نے کوچادھام سے سرور عالم کو ،بیسی سے غلام سرور کو ،بہادر گنج سے توصیف عالم اور جوکی ہاٹ سے مرشد عالم کو بطور امید وار کھڑا کیا ہے،یہ وا سیٹیں ہیں جہاں سے باغی ایم ایل اے نے مجلس کے ٹکٹ پر جیت حاصل کر آر جے ڈی میں شمولیت اختیار کی۔
ساتھ ہی بتا دیں کہ پہلے مرحلے میں 121 سیٹوں کے لیے 6 نومبر کو اور دوسرے مرحلے میں 122 سیٹوں کے لیے 11 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔جن کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی،پہلے مرحلے کے لیے نامزدگیوں کے آخری دن تک 121 سیٹوں کے لیے کل 2,544 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے ۔