اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری حملوں کی دنیا بھر سے مخالفت کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں دہلی کے مندر مارگ پولیس اسٹیشن حدود میں بھی فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کی مخالفت میں احتجاج کیاگیا۔ اس موقع پر فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ تاہم پولیس نے پرامن احتجاج کرنے والوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے احتجاجیوں نے کہاکہ ایسے اقدامات سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل فلسطین میں معصوم بچوں سمیت ہزاروں لوگوں کی جانیں لے چکاہے تاہم اس پر کوئی اعتراض نہیں جتایا جارہاہے لیکن صرف اسرائیل کا جھنڈا جلانے پر لوگوں کو گرفتار کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کے اس اقدام سے ہمارے حوصلے کمزور نہیں ہوں گے۔ہم اپنی آخری سانس تک فلسطین کی حمایت کے لیے گامزن ہے۔
وہیں میڈيا سے بات کرتے ہوئے وشال نامی شخص نے کہا کہ ہم اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کی حمایت میں اسرائیل سفارتخانہ کے پاس پر امن احتجاج کے لیے جمع ہوئے ، لیکن ہمارے ساتھ پولیس کی جانب سے ایک مجرم جیسا سلوک کیا گیا۔اور ہمیں وہاں احتجاج سے روکا گیا۔انہوں نے کہا جو اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں نسل کشی جاری ہے ،جس پر پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ یہ ایک ظلم ہے ،جس کے لیے اسرائیل کو سزا ملنی چاہیے ۔اور اس ظلم کو فوری روکنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت سے ہر طرح کا رشتہ ختم کرے۔اور اسرائیل کے خلاف کھڑے ہو۔
ہندوستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لانے کا سلسلہ جاری:
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدی کی وجہ سے ایران میں موجود ہندوستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت آپریشن سندھو کے تحت ہزاروں ہندوستانیوں کو وطن واپس لارہی ہے۔ اس سلسلہ میں مزید 293 ہندوستانی نئی دہلی ایئرپورٹ پہنچے۔ بحفاظت وطن واپسی کرنے والے شہریوں نے مرکزی حکومت اور ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستانی حکومت نے انہیں ایران سے بحفاظت نکلنے میں جو مدد کی ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی خصوصی طیاروں کے ذریعہ ہزاروں ہندوستانیوں کو وطن
واپس لایا جاچکاہے۔
امریکی صدر نے جنگ بندی کا کیا دعوی:
قطر میں امریکی بیس پر حملے کے بعد ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کا دعویٰ کیا ہے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران مکمل طور پر جنگ بندی پر رضامند ہو گئے ہیں۔امریکی صدر کا یہ بیان پیر کو قطر میں امریکہ کے بیس پر میزائل حملے کے تھوڑی دیر بعد سامنے آیا ہے جو کہ جوہری تنیصبات پر حملوں کے جواب میں کیا گیا گرچہ اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر جنگ بندی کو تسلیم کرنے کا اعلان سامنے نہیں ٓآیاایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ اس وقت تک کسی قسم کی جنگ بندی یا فوجی آپریشن کی بندش کا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے تاہم اگر اسرائیل صبح چار بجے کے بعد اپنی غیر قانونی جارحیت روک دے تو ہمارا بھی اپنا ردعمل جاری رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ و اضح رہے کہ ایران نے جوہری مقامات پر امریکی بمباری کے جواب میں قطر میں امریکہ کے زیر انتظام العدید ایئر بیس پر میزائل حملے کیے ۔