تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے پُرعزم انداز میں اعلان کیا ہےکہ کانگریس پارٹی سال 2033 تک مسلسل اقتدار میں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی باگ ڈور سنبھالنے کی ذمہ داری وہ خود لیں گے۔ اورمستقبل میں پارٹی کو اقتدار میں لانے کی ذمہ داری نوجوان کارکنوں کی ہوگی۔ ریونت ریڈی نے تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ سن 1994 سے 2004 تک تلگودیشم پارٹی اقتدار میں تھی۔سال 2004 سے 2014 تک کانگریس نے حکومت کی۔ اور سال 2014 سے 2023 تک بی آرایس نے اقتدار سنبھالا۔ اوراب 2023 سے 2033 تک کا دور کانگریس کا ہے۔ ریونت ریڈی نے نوجوانوں، پارٹی کارکنوں اور قائدین کو تلقین کی کہ وہ پارٹی کی مضبوطی اور عوامی خدمت کے مشن میں سرگرم عمل رہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ تلنگانہ میں جو ترقیاتی اور فلاحی پروگرام جاری ہیں، ان کا تسلسل ہی ریاست کو سنوارنے کا واحد راستہ ہے۔
سیاسی چیلنجزکے لیے تیاررہیں
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو آئندہ آنے والے سیاسی چیلنجز کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈی لیمی ٹیشن، خواتین کے لیے ریزرویشن بل اور ون نیشن ون الیکشن جیسے بڑے فیصلے جلد ہی متوقع ہیں۔اور کانگریس کو اس وقت کے لیے خود کو مضبوط اور منظم رکھنا ہوگا۔ انہوں نے یہ تبصرہ پارٹی کی سیاسی اُمور کمیٹی کی میٹنگ کے دوران کیا، جس میں پارٹی کی تنظیمی مضبوطی، بوتھ سطح پر پارٹی کو مستحکم بنانے اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں پر زور دیا گیا۔۔ریونت ریڈی نے کارکنوں سے کہا کہ وہ وقت کا انتظار نہ کریں بلکہ ابھی سے محنت کریں، گاؤں گاؤں، بوتھ بوتھ کام کریں تاکہ پارٹی ہر سطح پر مضبوط بنے اور ریاستی و قومی سطح پر ایک مؤثر طاقت کے طور پر ابھرے
رعیتو نیستم پروگرام
تلنگانہ کے چیف منسٹرریونت ریڈی نے منگل کو رعیتو نیستم ،۔یعنی کسان دوست پروگرام میں شرکت کی۔ یہ تقریب ریاست کے سکریٹریٹ کے سامنے واقع راجیو گاندھی کے مجسمے کے پاس منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے کہا کہ اتنی کم عمری میں مجھے وزیراعلیٰ بنانے کا موقع دینے پر میں تمام کسان بھائیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
نوکریوں کےزیادہ نوٹیفکیشن پراحتجاج
اسی بیچ ان کا دعوی تھا کہ تلنگانہ شاید ملک کی واحد ریاست ہے جہاں بے روزگار نوجوان احتجاج کرتے ہیں کہ حکومت نوکریوں کے نوٹیفکیشن زیادہ دے رہی ہے۔ اور کہتے ہیں نوٹیفکیشنز بند کریں۔کیوں کہ وہ جلدی جلدی نوکریوں کے امتحان ہونے سے تیاری نہیں کرپارہے ہیں۔
نائیڈوسے قربت کے الزامات مسترد
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو سے قربت کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہاگر مجھے چندرابابو کے ساتھ رہنا ہوتا، تو میں وہیں رہتا، کانگریس میں نہ آتا۔یہ بیان گوداوری بناکاچرلہ منصوبے پر تنازع کے دوران ان پر لگے الزامات کے جواب میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ کے مفادات کا وہ مکمل خیال رکھ رہے ہیں۔
بی آرایس پرتنقید
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے بی آرایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی منصوبے پر اعتراض ہے تواسمبلی میں خصوصی اجلاس بلانے کے لیے اسپیکر کو مکتوب لکھیں، سڑکوں پر ڈرامے نہ کریں۔