بہار اسمبلی انتخابات جیسے جیسے قریب آرہے ہیں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوتی جارہی ہیں۔ چھٹھ تہوار کے اختتام کے بعد گرانڈ الائنس اور این ڈی اے دونوں نے اپنی پوری طاقت مہم میں لگا دی ہے۔ آج کانگریس لیڈر راہل گاندھی دو جلسوں سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر تیجسوی یادو بھی موجود رہیں گے۔ تیجسوی کی مہم سمستی پور اور مدھے پورہ میں بھی شیڈول ہے۔ راہل گاندھی بہار کی انتخابی مہم میں پہلی مرتبہ حصہ لیں گے۔ اس طرح آج سے جہاں ایک جانب اپوزیشن کی مہم میں تیزی پیدا ہوگئی وہیں دوسری جانب کانگریس امیدواروں اور کارکنوں کے جوش میں بھی اضافہ ہوگا۔
کانگریس نے بہار میں انتخابی مہم کیلئے اپنے اسٹار کمپینرس میں سونیا گاندھی۔ ملکارجن کھرگے۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ عمران پرتاب گڑھی کو بھی شامل کیاہے۔ ایسے میں آج سے کانگریس کے تمام اہم قائدین بہار کا رخ کریں گے اور اپوزیشن امیدواروں کیلئے مہم چلائیں گے۔ راہل گاندھی کی آج پہلی ریالی مظفر پور میں دوپہر ساڑھے بارہ بجے جبکہ دوسری ریالی دربھنگہ میں دو بجکر 15 منٹ پر ہوگی۔ اس دوران سابق ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو بھی اپنی مہم میں تیزی لائیں گے۔ تیجسوی راہل گاندھی کے ساتھ دو جلسوں سے خطاب کے علاوہ علحدہ طورپر بھی مہم چلائیں گے۔ واضح رہے کہ بہار میں دو مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی جس کا پہلا مرحلہ 6 نومبر کو جبکہ دوسرا مرحلہ 11 نومبر کو ہوگا۔ یہاں ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا 14 نومبر کو اعلان کیا جائے گا۔
این ڈی اے بھی انتخابی مہم میں سرگرم:
ادھر دوسری جانب بہار کا حکمراں اتحاد این ڈی اے بھی اپنی مہم میں کوئی کثر نہیں چھوڑرہا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور چیف منسٹر نتیش کمار آج انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ امیت شاہ آج بہار کے مختلف علاقوں میں تین جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد کے امیدواروں کیلئے ووٹ مانگیں گے جبکہ چیف منسٹر نتیش کمار نالندہ کے چار اسمبلی حلقوں میں روڈ شو کریں گے ۔ اس کے علاوہ نتیش کمار ہرناوت میں ایک ریالی سے بھی خطاب کریں گے۔امیت شاہ کے شیڈول کے مطابق وہ علی نگر میں بارہ بجکر 15 منٹ پر ۔ سمسی پور میں دیڑھ بجے اور بیگوسرائے کے بھگوان پور میں تین بجے عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
اسکے علاوہاتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ آج بہار کے دورے پر ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ آج تین انتخابی ریالیوں میں حصہ لیں گے۔ پہلی ریلی محمد شہاب الدین کے گڑھ سیوان کے رگھوناتھ پور میں ہوگی۔ واضح رہے کہ شہاب الدین کا بیٹا اسامہ یہاں سے انتخابات میں حصہ لے رہا ہے۔ اس کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ بھوجپور اور بکسر اضلاع جائیں گے اور یہاں دو ریالیوں میں حصہ لیں گے۔ ان ریالیوں میں بی جے پی کے دیگر قائدین بھی شرکت کریں گے اور عوام سے ووٹ مانگیں گے۔ بی جے پی ذرائع نے بتایاکہ چیف منسٹر اترپردیش کی ریالیوں کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔