ملک کی چار ریاستوں میں پانچ اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔کیرالہ، پنجاب، مغربی بنگال اور گجرات میں 19 جون کو ہونے والی ووٹنگ کے بعد سبھی کی نظریں ان سیٹوں پر لگی ہوئی تھیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق 19 جون کو کیرالہ کی نیلمبور سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں 75.27 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ مغربی بنگال کی کالی گنج سیٹ پر 73.36 فیصد ووٹروں نے اپنا ووٹ ڈالا۔ گجرات کی ویساوادر سیٹ پر 56.89 فیصد اور کڑی سیٹ پر 57.91 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ پنجاب کی لدھیانہ ویسٹ سیٹ پر 51.33 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔تاہم اب تمام اسمبلی حلقوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں ۔آئیے جانتے ہیں کس نے کہا سے درج کی جیت۔
مغربی بنگال کالی گنج اسمبلی حلقہ سے ٹی ایم سی امیدوار کی جیت:
مغربی بنگال کی کالی گنج سیٹ سے ٹی ایم سی کی علیفہ احمد نےجیت درج کی ۔ دوسرے نمبر پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے آشیش گھوش آئے۔ جبکہ کانگریس تیسرے نمبر پر رہی۔ اس جیت پر ممتا بنرجی نے کالی گنج اسمبلی حلقہ کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، "تمام مذاہب، تمام ذاتوں اور تمام طبقات کے لوگوں نے کالی گنج اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے ہمیں بے پناہ نوازا ہے۔ میں ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
کیرلہ اسمبلی حلقہ سے کانگریس امید وار نے درج کی جیت:
کیرالہ کی نیلمبور اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں کانگریس کے آریدان شوکت نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے ایم سوراج کو شکست دی ۔ شوکت کو 77,737 ووٹ ملے، جب کہ ایم سوراج کو 66,660 ووٹ ملے۔ تیسرے نمبر پر آزاد امیدوار پی وی انور رہے جنہوں نے 19760 ووٹ حاصل کیے۔ بی جے پی امیدوار ایڈوکیٹ موہن جارج کو 8,648 ووٹ ملے۔
عآپ امید وار نے ویساوادر سیٹ سے درج کی جیت:
گجرات میں دو اسمبلی سیٹوں ویساوادراور کڑی اسمبلی حلقہ پر ہوئے ضمنی انتخابات کے لیے آج ووٹوں کی گنتی ہوئی۔ اس ضمنی انتخاب میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے امیدوار گوپال اٹالیہ نے ویساوادر سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار کریت پٹیل کو شکست دی ہے۔الیکشن کمیشن کی طرف سے شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گوپال اٹالیہ کو 75942 ووٹ ملے، جب کہ ان کے قریبی حریف اور بی جے پی امیدوار کریت پٹیل کو 58388 ووٹ ملے۔ اس طرح گوپال اٹالیہ نے کریت پٹیل کو 17554 ووٹوں سے شکست دی۔
کڑی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امید وار کی جیت:
گجرات ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے امیدوار راجندر چھابڑا نے کڑی سیٹ سے جیت درج کی،بی جے پی کے راجندر چاوڈا نے 39,452 ووٹوں کے فرق سے اپنے مد مقابل سے کامیابی حاصل کی۔ انہیں کل 99,742 ووٹ ملے۔دوسری طرف بی جے پی ویساوادر کا قلعہ توڑنے میں ناکام رہی ہے۔ عآپ امیدوار گوپال اٹالیہ نے 17 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے ویساوادر سیٹ جیت لی ہے۔
پنجاب کے لدھیانہ اسمبلی حلقہ سے عآپ کی جیت:
عام آدمی پارٹی نے پنجاب میں لدھیانہ ویسٹ سیٹ جیت لی ہے۔ عآپ کے سنجیو اروڑہ نے 10634 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ انہیں کل 35144 ووٹ ملے۔عآپ ایم ایل اے گرپریت سنگھ گوگی لدھیانہ ویسٹ سیٹ سے ایم ایل اے تھے۔ ان کے اتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی،جسکے بعد اس ضمنی انتخابات کے لیے عآپ نے راجیہ سبھا ایم پی سنجیو اروڑہ کو میدان میں اتارا ۔
سنجیو اروڑہ کی جیت سے ایک راجیہ سبھا سیٹ خالی :
اب اروڑہ کے اس جیت سے راجیہ سبھا کی ایک سیٹ خالی ہو جائے گی۔ ایسے میں عآپ کنوینر اروند کیجریوال یا سینئر لیڈر منیش سسودیا راجیہ سبھا میں جا سکتے ہیں۔ اروڑہ لدھیانہ کے ایک صنعت کار ہیں اور اپنے سماجی بہبود کے کاموں کے لیے جانے جاتے ہیں۔