اقلیتی بہبود کے وزیر محمد اظہر الدین کی صدارت میں سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کے ساتھ سکریٹریٹ میں ایک جائزہ میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں ریاست بھر سے اقلیتی بہوود کے افسران نے شرکت کی۔اس دوران محمد اظہر الدین نے ضلعی انتظامیہ سے بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ رمضان کے انتظامات بروقت مکمل کر لیے جا سکیں۔
انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ رمضان کے مقدس مہینے میں تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ مسلم برادری کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیر نے ضلعی افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھیں اور کسی بھی ممکنہ مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔اس دوران عہدیداروں نے رمضان کے لئے بر وقت تمام تیاریوں کے علاوہ ، کرسمس سے متعلق کاموں کی پیشرفت اور پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم کے تحت پراجکٹوں کی حیثیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ یہ جائزہ اجلاس میٹنگ 21 جنوری بدھ کی شام سکریٹریٹ میں عمل میں آیا۔
میٹنگ میں شادی مبارک اسکیم پر عمل آوری، قبرستان اراضی کی شناخت اور تحفظ سے متعلق مسائل اور تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے آئندہ فلاحی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے چیرمین نے ڈی ایم ڈبلیو اوز کو ہدایت دی کہ وہ فینانس کارپوریشن اسکیموں پر عمل آوری میں تیزی لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بروقت امداد اہل استفادہ کنندگان تک پہنچ جائے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل محمد اظہر الدین نے اقلیتی بہبود کی وزارت کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد پہلی مرتبہ تاریخی مکہ مسجد پہنچے تھے۔ جہاں انہوں نے رمضان میں بلا خلل بجلی کی سپلائی۔ مسجد میں صفائی کے انتظامات۔ پینے کے پانی کی سپلائی ۔ بنیادی مسائل اورمکہ مسجد کے دوسرے امور کا جائزہ لیا تھا۔
ضلع وقارآباد میں بھی رمضان المبارک کے پیش نظر جائزہ اجلاس :
ضلع وقارآباد کلکٹریٹ میں رمضان المبارک کے پیش نظر عہدیداروں اور مُسلم رہنماؤں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ ایڈیشنل کلکٹر ایس ۔راجیشوری نے رمضان کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے عہدیداروں كو حکومتی ہدایات سے رو شناس کروایا ۔ مُسلم رہنماؤں کے مشورے لئے گئے اور رمضان میں ضلعی سطح پر پیش آنے والے مسائل کی سماعت کی ۔ پولیس عملہ کو سیکوریٹی، ٹریفک اور دوکانات رات دیر تک کھلا رکھنے کی اجازت کی ہدایت دی گئی۔
میونسپل عملہ کو صفائی اور پینے کے پانی کی سربراہی کی ہدایت دی گئی۔ ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر کو گرم پنچایت میں صفائی کا خُصوصی خیال رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ اس کے علاوہ الیکٹریسٹی ڈپارٹمنٹ کو بغیر کسی خلل کے برقی سربراہی کی ہدایت دی گئی ۔ایڈیشنل کلکٹر ایس راجیشواری نے تمام عہدیداروں سے اپیل کی کے رمضان المبارک اور عید الفطر کے تناظر میں ضلع وقارآباد میں بہتر انتظامات کیے جائیں ۔