بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ون ڈے انٹرنیشنل سیریز دو میچوں کے بعد 1-1 کی برابر ہے۔ آج اتوار 18 جنوری کو تیسرا اور فیصلہ کن مقابلہ انڈور کے ہولکر اسٹیڈیم میں دوپہر 1:30 بجے سے کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس میچ کو جیت کر سیریز پر قبضہ کرنے کے لیے پوری طاقت لگائیں گی۔
لیکن اس مقابلے میں سب کی نگاہیں روہت شرما پر ہوں گی :کیونکہ ہٹ مین اس میچ میں تاریخ رقم کرنے سے صرف ایک قدم دور ہیں۔ ان کے نشانے پر کرکٹ دنیا کے بے تاج بادشاہ سچن تندلکر کا ایک عظیم ریکارڈ ہے۔ اگر آج روہت کا بلّا چلا تو سچن کا یہ تاریخی اعزاز ٹوٹ سکتا ہے۔
بھارتی کھلاڑیوں کی فہرست میں نمبر 1 بن جائیں گے :
بہت سے لوگوں کو معلوم ہے کہ سچن تندلکر نے یہ ریکارڈ بنانے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کے 24 سال وقف کیے تھے، جو اب ٹوٹنے والا ہے۔ اگر ہٹ مین نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری لگا دیتے ہیں تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اوپنر کے طور پر سب سے زیادہ سنچریاں لگانے والے بھارتی کھلاڑی بن جائیں گے۔
دنیا کے دوسرے بلے باز بننے کا بھی موقع :
روہت شرما کے پاس فی الحال انٹرنیشنل کرکٹ میں اوپنر کے طور پر کل 45 سنچریاں ہیں۔ جبکہ سچن تندلکر نے اپنے 24 سالہ کیریئر میں اوپنر کے طور پر 45 ہی سنچریاں لگائی تھیں۔ روہت شرما آج اگر سنچری لگا دیتے ہیں تو ماسٹر بلاسٹر کا یہ عظیم ریکارڈ توڑ دیں گے۔ اتنا ہی نہیں، وہ ایسا کرنے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بھی بن جائیں گے۔
ٹاپ پر ڈیوڈ وارنر :
انٹرنیشنل کرکٹ میں اوپنر کے طور پر سب سے زیادہ سنچریوں کے معاملے میں آسٹریلوی لیجنڈ ڈیوڈ وارنر نمبر 1 پر ہیں۔ انہوں نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں اوپنر کے طور پر کل 49 سنچریاں لگائی ہیں۔ اس کے بعد مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر سچن تندلکر اور روہت شرما ہیں، جنہوں نے 45-45 سنچریاں لگائی ہیں۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرس گیل ہیں، جنہوں نے اوپنر کے طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں کل 42 سنچریاں لگائیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں اوپنر کے طور پر سب سے زیادہ سنچریاں:
ڈیوڈ وارنر (آسٹریلیا) - 49
سچن تندلکر (بھارت) - 45
روہت شرما (بھارت) - 45
کرس گیل (ویسٹ انڈیز) - 42
سنتھ جے سوریا (سری لنکا) - 41
آج کا میچ نہ صرف سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ ہے بلکہ روہت شرما کے لیے ایک تاریخی لمحہ بھی بن سکتا ہے۔ کرکٹ شائقین کی نظریں اس بات پر لگی ہوئی ہیں کہ کیا ہٹ مین آج سچن کے ریکارڈ کو توڑ کر نئی تاریخ رقم کریں گے؟