Saturday, November 08, 2025 | 17, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • سپریم کورٹ میں ایس آئی آر سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت آج

سپریم کورٹ میں ایس آئی آر سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت آج

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Nov 04, 2025 IST

سپریم کورٹ میں ایس آئی آر سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت آج
سپریم کورٹ آج ایس آئی آر سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کے اس اقدام کے خلاف ملک کی اعلیٰ عدالت پہنچی ہیں ۔ اپوزیشن جماعتوں نے خاص طورپر بہار میں ایس آئی آر کی سخت مخالفت کی ہے جبکہ ٹاملناڈو کے چیف  منسٹر ایم کے اسٹالن نے بھی اس اقدام کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیاہے۔ واضح رہے کہ ملک کی 12 ریاستوں اور مرکز زیرانتظام علاقوں میں آج ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانی مہم شروع ہوگی۔ ٹامل ناڈو۔ پڈوچیری۔ کیرالا اور مغربی بنگال  میں 2026 میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ 
 
آئندہ سال آسام میں بھی انتخابات ہوں گے۔ ان 12 ریاستوں میں ایس آئی آر کے دوران کمیشن کی توجہ شہریت کی تصدیق پر ہے۔ ذرائع کے مطابق آسام میں ووٹر لسٹ کا مکمل جائزہ لیا جائے گا لیکن شہریت کی تصدیق نہیں کی جائے گی۔ ریاست میں شہریت کے پیچیدہ مسئلے کے درمیان کمیشن اس نئے ماڈل کو تیار کر رہا ہے۔چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے ایس آئی آر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آسام میں شہریت کے حوالے سے علیحدہ دفعات ہیں۔ 
 
 چیف منسٹر ممتا بنرجی کا  ایس آئی آر کے خلاف کولکتہ میں آج احتجاج اعلان 
 
ادھر دوسری جانب مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی آج کولکتہ میں ایس آئی آر کے خلاف احتجاج کریں گی۔ مغربی بنگال میں ووٹر لسٹوں کی ایس آئی آر کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی مخالفت میں اضافہ ہوتاجارہاہے۔ مغربی بنگال کی حکمران ترنمول کانگریس اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کھل کر ایس آئی آر کی مخالفت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج کولکتہ میں ایس آئی آر کے خلاف ایک بڑے مارچ کی قیادت کریں گی۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ ایس آئی آر کا دوسرا مرحلہ مغربی بنگال کے بشمول 12  ریاستوں میں  اور مرکز زیرانتظام علاقوں میں منعقد کیاجائے گا۔ جہاں آئندہ سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ 
 
اس دوران مرکزی وزیر سکانتا مجمدار نے آج مغربی بنگال حکومت کی جانب سے ایس آئی آر کے خلاف احتجاج پر کہاکہ آج بنگال کا اصل مسئلہ بیروزگاری ہے تاہم حکومت اہم مسئلوں سے توجہ ہٹانے کیلئے اس طرح کی حرکتیں کررہی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ گذشتہ کچھ عرصہ کے دوران مغربی بنگال میں سرمایہ کاری میں واضح طورپر کمی ہوئی ہے اور اسی وجہ سے بنگال نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ہے  جبکہ خواتین کی عصمت ریزی کے واقعات میں بھی کافی حدتک اضافہ ہوا ہے۔ سکانتا مجمدار نے کہاکہ ممتا بنرجی حکومت ان مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ایس آئی آر کے خلاف احتجاج کررہی ہیں۔