سعودی عرب سے ایک افسوس ناک خبر سامنے آئی ہے،گریڈیہ ضلع کے ایک مہاجر مزدور وجے کمار مہتو کی سعودی عرب میں موت ہو گئی۔ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایم ایل اے جیرام کمار مہتو نے ہندوستانی سفارت خانے، جھارکھنڈ کے گورنر اور گرڈیہ کے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ کر پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی وجے کمار مہتو ہنڈائی انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن کمپنی میں ملازم تھا۔
کیسے ہوئی موت ؟
وجے کمپنی کے ایک سینئر اہلکار کی ہدایت پر کچھ مواد لینے کے لیے ورک سائٹ پر گیا تھا ،اسی دوران مقامی پولیس نے اسمگلروں کو پکڑنے کے لیے فائرنگ کی۔ وجے کمار مہتو، جو وہاں سے گزر رہے تھے، غلطی سے پولس کی گولی کا یہ شکار ہوگیا،تاہم زخمی حالت میں انہیں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں 24 اکتوبر کو اس کی موت ہو گئی۔
ان کی میت جلد بھارت لائی جائے گی۔ 26 سالہ وجے کمار مہتو جھارکھنڈ کا رہنے والا تھا۔ ریاست کا محکمہ محنت سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانے سے رابطے میں ہے، اور ان کی لاش کو ان کے آبائی شہر لانے کی تیاری کی جارہی ہے۔
متوفی کا آخری پیغام:
متوفی نے اپنی بیوی کے نام اپنے آخری واٹسپ پیغام میں کہا کہ پولیس کسی اور پر گولی چلا رہی تھی، لیکن گولی غلطی سے اسے لگ گئی ،جس میں وہ زخمی ہو گیا ہے۔ اس کی بیوی بسنتی نے اپنے سسرال والوں کو اطلاع دی۔ کئی دنوں سے خاندان کا ماننا تھا کہ مہتو کا علاج چل رہا ہے۔تاہم 24 اکتوبر کو انہیں کمپنی سے ایک کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ وجے کی موت ہو گئی ہے۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد ڈمری اسمبلی کے ایم ایل اے جے رام کمار مہتو نے ہندوستانی سفارت خانے اور سعودی عرب کے حکام کو خط لکھ کر متوفی کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایم ایل اے نے وجے کمار مہتو کی موت کی مکمل تحقیقات پر زور دیا۔ ان کی میت کو جلد از جلد ہندوستان واپس لانے کے انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے غمزدہ خاندان کی قانونی اور مالی مدد کی بھی اپیل کی۔
مہتو ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتے تھے:
میڈیا رپورٹس کے مطابق مہتو گرڈیہ ضلع کے ڈمری بلاک کے مدھ گوپالی پنچایت کے دودھپانیہ گاؤں کا رہنے والا تھا۔ وہ گزشتہ نو ماہ سے سعودی عرب میں ایک نجی کمپنی میں کام کر رہا تھا۔
لیبر ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے جانکاری دی:
محکمہ محنت کی مائیگرنٹ کنٹرول ٹیم کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہیں سعودی عرب میں گریڈیہ سے ایک تارکین وطن کی موت کی اطلاع ملی اور اس کی لاش واپس لانے کی درخواست کی گئی۔اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے فوری طور پر ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا اور تمام ضروری معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جدہ پولیس کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تمام رسمی کارروائیاں مکمل کرنے اور مہتو کی لاش کو واپس لانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کی میت جلد اہل خانہ کے حوالے کر دی جائے گی۔