سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کے قریب پیش آئے دردناک سڑک حادثہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین کی فہرست جاری کردی گئی ہے،جن کی حادثہ میں ہلاکت کا خدشہ ہے۔خیال رہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب زائرین مکہ مکرمہ سے مدینہ کی طرف واپس جارہے تھے۔اس دوران ہندوستانی زائرین کی بس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس میں آگ بھڑک اُٹھی اور 42 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔معلومات کے مطابق بس میں 43 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں صرف ایک شخص زندہ بچ سکا۔ جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 20 خواتین اور 11 بچے بھی شامل ہیں ۔
حیدرآباد کے عمرہ زائرین کی فہرست :
Details Of The Deceased From #Hyderabad Woh Died In The #SaudiArabia Bus Fire Accident #Umrah https://t.co/374ExIoVXY pic.twitter.com/Y8Kz4b7PtH
— BNN Channel (@Bavazir_network) November 17, 2025
ہیلپ لائن نمبر جاری:
تلنگانہ سکریٹریٹ میں ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ حالات کی مسلسل نگرانی کی جاسکے، معلومات اکٹھی کی جاسکے اور متاثرہ خاندانوں کو مدد فراہم کی جاسکے، متاثرہ خاندانوں کو ضروری معلومات اور تعاون فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا ہے،جو کہ 7997959754اور 9912919545 ہے۔ دوسری جانب جدہ میں واقع بھارتی قونصل خانے نے مدد کے لیے 24x7 کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ اس کا ٹول فری نمبر 8002440003 ہے۔
لاشوں کو ہندوستان واپس لانے کا اویسی کا مطالبہ:
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے مکہ میں پیش آئے بس حادثہ پر اپنے گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے مرکز سے فوری کاروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔اویسی نے کہا کہ انہوں نے ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن ابو متین جارج سے بات کی ہے جنہوں نے مجھے یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کے بارے میں معلومات اکٹھا کر رہے ہیں۔ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے مزید کہاکہ انہوں نے حیدرآباد کی دو ٹراویل ایجنسیوں سے بھی رابطہ کیا ہے اور مسافروں کی تفصیلات ریاض سفارتخانے اور خارجہ سکریٹری کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
مرکز سے مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اویسی نے کہاکہ میں مرکزی حکومت خاص طورپر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ لاشوں کو ہندوستان واپس لائیں اور اگر کوئی زخمی ہے تو اس کے مناسب طبی علاج کو یقینی بنایا جائے۔