حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے مکہ میں پیش آئے بس حادثہ پر اپنے گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے مرکز سے فوری کاروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔اویسی نے کہا کہ انہوں نے ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن ابو متین جارج سے بات کی ہے جنہوں نے مجھے یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کے بارے میں معلومات اکٹھا کر رہے ہیں۔ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے مزید کہاکہ انہوں نے حیدرآباد کی دو ٹراویل ایجنسیوں سے بھی رابطہ کیا ہے اور مسافروں کی تفصیلات ریاض سفارتخانے اور خارجہ سکریٹری کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
مرکز سے مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اویسی نے کہاکہ میں مرکزی حکومت خاص طورپر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ لاشوں کو ہندوستان واپس لائیں اور اگر کوئی زخمی ہے تو اس کے مناسب طبی علاج کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا:
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایکس پر لکھا، سعودی عرب میں ہونے والی اس حادثے سے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ ریاض میں واقع بھارتی سفارت خانہ اور جدہ میں قائم قونصل خانہ متاثرہ شہریوں اور ان کے خاندانوں کو مکمل مدد فراہم کر رہے ہیں۔ میری شوک زدہ خاندانوں کے تئیں گہری ہمدردی ہے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ ادھر، جدہ میں واقع بھارتی قونصل خانے نے مدد کے لیے 24x7 کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ اس کا ٹول فری نمبر 8002440003 ہے۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اہم ہدایات دیں:
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے اس شدید حادثے پر گہرا دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کے رام کرشنا راؤ اور پولیس ڈائریکٹر جنرل بی شیودھر ریڈی کو متاثرین کا تفصیل فوری طور پر اکٹھا کرنے اور یہ جاننے کا حکم دیا ہے کہ بس میں تلنگانہ کے کتنے مسافر سوار تھے۔ تلنگانہ سیکریٹریٹ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں معلومات حاصل کرنے والے رشتہ داروں کے لیے ہیلپ لائن 7997959754 اور 9912919545 دستیاب ہیں۔
بی آر ایس کارگزارکے ٹی آر نے حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا:
بی آر ایس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر کے ٹی آر نے بھی سعودی عرب میں پیش آئے بس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے اپنے ایک تعزیتی پیام میں کہاکہ ہم ان کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔کے ٹی آر نے کہاکہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس واقعہ میں زخمی ہونے والوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے ۔ کے ٹی آر نے مزید کہاکہ مرنے والوں میں زیادہ تر حیدرآبادی ہیں اس لئے ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ وزارت خارجہ کے ساتھ تال میل پیدا کرے اور راحتی کوششوں کو تیز کرے۔انہوں نے کہاکہ حکومت غیر متوقع حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تفصیلات کی بھی نشاندہی کرے اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کے قریب دردناک سڑک حادثہ میں42 ہندوستانی عمرہ زائرین کی موت ہو گئی ہے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب زائرین مکہ مکرمہ سے مدینہ کی طرف واپس جارہے تھے۔اس دوران ہندوستانی زائرین کی بس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس میں آگ بھڑک اُٹھی اور 42 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ یہ المناک واقعہ پیر کی صبح تقریباً 1 بجکر 30 منٹ پر مدینہ روڈ کے مفرحت علاقہ میں پیش آیا۔معلومات کے مطابق بس میں 43 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں صرف ایک شخص زندہ بچ سکا۔ واحد زندہ بچ جانے والے کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 20 خواتین اور 11 بچے بھی شامل ہیں ۔