Thursday, September 03, 2026 | 19 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • اتر پردیش میں بارش اور سیلاب کا قہر، 23 اضلاع زیر اثر، وارانسی کے کئی علاقے زیر آب

اتر پردیش میں بارش اور سیلاب کا قہر، 23 اضلاع زیر اثر، وارانسی کے کئی علاقے زیر آب

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Sep 03, 2026 IST

اتر پردیش میں بارش اور سیلاب کا قہر، 23 اضلاع زیر اثر، وارانسی کے کئی علاقے زیر آب
اترپردیش میں مسلسل شدید بارش اور سیلاب کے باعث کئی علاقوں میں حالات تشویشناک بنے ہوئے ہیں۔ ریاست کے 23 اضلاع اس وقت سیلاب سے متاثر ہیں، جبکہ اب تک مجموعی طور پر 35 اضلاع میں سیلاب کے اثرات دیکھے جا چکے ہیں۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیز کر دیا ہے اورنشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق اب تک 16 ہزار 784 افراد کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے۔ صرف بدھ کے روز 3 ہزار 42 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ انتظامیہ کی ٹیمیں مسلسل متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہیں اور ضرورت مند افراد کو امداد فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
 
بارش اور سیلاب سے متعلق مختلف واقعات میں اب تک تین افراد کی موت کی بھی اطلاع ہے۔ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں سے رابطہ کریں۔ریاستی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نشیبی اور دریا کے کنارے واقع علاقوں میں خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سیلابی پانی کے قریب جانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔
 
ادھر اتر پردیش کے شہر وارانسی میں بھی مسلسل بارش نے شہری زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ شدید بارش کے باعث شہر کے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں پانی بھر جانے سے روزمرہ زندگی متاثر ہوئی ہے۔ کئی مقامات پر گاڑیوں کی آمدورفت سست پڑ گئی، جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو خاص طور پر پریشانی کا سامنا ہے۔
 
وارانسی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور نکاسیٔ آب کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ متعلقہ محکموں کی ٹیمیں پانی جمع ہونے والے علاقوں میں نکاسی کے کام میں مصروف ہیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد راحت پہنچائی جا سکے۔اتر پردیش میں بارش اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حکام موسمی صورتحال اور دریاؤں کے پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔