تلگوریاست تلنگانہ کو ملا نیا گورنر ۔شیو پرتاپ شکلا نے بدھ کو تلنگانہ کے گورنر کی حیثیت سے حلف لیا۔چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس اپریش کمار نے راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں شکلا کو عہدے کا حلف دلایا۔شکلا نے تلگو میں حلف لیا، جس سے تمام موجود افراد حیران رہ گئے۔
سی ایم،اسپیکر کونسل چیرمین اور دیگر شریک
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر مالو بھٹی وکرمارکا، ریاستی وزراء، اسمبلی اسپیکر گڈم پرساد کمار، قانون ساز کونسل کے چیرمین گتہ سکھیندر ریڈی نے تقریب میں شرکت کی۔ہماچل پردیش کے سابق گورنر بنڈارو دتاتریہ، ریاستی کانگریس کے سربراہ مہیش کمار گوڑ، ریاستی بی جے پی صدر رام چندر راؤ، چیف سکریٹری کے رام کرشن راؤ، ڈی جی پی بی شیوادھر ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔
16 مارچ سے اسمبلی کا بجٹ اجلاس
اسمبلی کا بجٹ اجلاس 16 مارچ سے شروع ہونے والا ہے، نئے گورنر اسی دن دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
گورنر کا تبادلہ
شکلا منگل کو حیدرآباد پہنچے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (آر جی آئی اے) پر ان کا استقبال کیا۔صدر دروپدی مرمو نے گزشتہ ہفتے شکلا کو تلنگانہ کا گورنر مقرر کیا تھا۔شکلا، جو اس وقت ہماچل پردیش کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جشنو دیو ورما کی جگہ لیں گے، جنہیں مہاراشٹر کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ورما نے 31 جولائی 2024 کو تلنگانہ کے گورنر کا عہدہ سنبھالا تھا۔
شیو پرتاپ شکلا تلنگانہ کےچوتھے گورنر
شکلا تلنگانہ کے چوتھے گورنر ہیں جسے 2014 میں علیحدہ ریاست کے طور پر تشکیل دیا گیا تھا۔ انہوں نے 18 فروری 2023 کو ہماچل پردیش کے گورنر کے طور پر حلف لیا تھا۔
اے بی وی پی رکن سے گورنرتک کا سفر
پردیش، اپنے طالب علمی کے زمانے میں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (ABVP) سے وابستہ تھے۔
یوپی اسمبلی سےمنتخب، ریاستی وزیر
انہوں نے 1983 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی۔ وہ 1989 میں پہلی بار گورکھپور نگر اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے تھے۔ وہ 1991 میں دوبارہ منتخب ہوئے اور کلیان سنگھ کی حکومت میں بنیادی تعلیم، بالغ تعلیم اور زبان کے محکمے کے وزیر مملکت کا آزادانہ چارج سنبھالا، جو بی جے پی کی پہلی حکومت کے وزیر اعلیٰ تھے۔ انہوں نے محکمہ باغبانی، کھیل، یوتھ ویلفیئر اور فوڈ پروسیسنگ ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں۔1996 میں چوتھی بار اسمبلی کے لیے منتخب ہونے کے بعد، انہوں نے کلیان سنگھ، رام پرکاش گپتا اور راج ناتھ سنگھ کی حکومتوں میں جیل، قانون و انصاف اور دیہی ترقی کے محکمے کے کابینہ وزیر کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیے۔
راجیہ رکن بھی رہےہیں شکلا
2016 میں، وہ اتر پردیش سے راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے اور 2017 میں، مرکز میں مودی حکومت میں وزیر مملکت برائے خزانہ کی ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے 4 جولائی 2022 تک راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔