افغانستان کے خلاف 13 ستمبر سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سیریز میں شریاس ایئر ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ نوجوان بلے باز تلک ورما کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔بھارتی ٹیم میں کئی اہم کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریا ونشی کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ تجربہ کار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
جسپریت بمراہ کو فٹنس مسائل کے باعث سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں موقع نہیں دیا گیا تھا۔ اب ان کی واپسی کو بھارتی ٹیم کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم ٹیم انتظامیہ ان کی فٹنس پر مسلسل نظر رکھے گی۔ اس کے علاوہ نوجوان اوپنر ابھیشک شرما اور آل راؤنڈر شیوم دوبے بھی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں سے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کو مضبوط بنانے کی امید کی جا رہی ہے۔
ہندوستان اور افغانستان کے درمیان یہ تینوں ٹی ٹوئنٹی میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا آغاز 13 ستمبر سے ہوگا اور دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی میں اپنی طاقت آزمانے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ شریاس ایئر کے لیے یہ سیریز بطور کپتان ایک اہم امتحان ہوگی، جبکہ تلک ورما نائب کپتان کی حیثیت سے نئی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ دوسری جانب، بمراہ کی ممکنہ واپسی اور نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت نے اس سیریز کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ اب کرکٹ شائقین کی نظریں 13 ستمبر سے شروع ہونے والی اس ٹی ٹوئنٹی سیریز پر مرکوز ہیں، جہاں بھارتی ٹیم نئے کمبی نیشن اور قیادت کے ساتھ افغانستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔
افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم: شریاس ایئر (کپتان)، ابھیشیک شرما، ویبھو سوریہ ونشی، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، تلک ورما (نائب کپتان)، شیوم دوبے، نتیش کمار ریڈی، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، ورون چکرورتی، روی بشنوئی، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ اور ہرشت رانا۔