Friday, November 28, 2025 | 07, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • سری نگر پولیس کی کالعدم جماعت اسلامی سے منسلک مختلف مقامات پر چھاپے ماری

سری نگر پولیس کی کالعدم جماعت اسلامی سے منسلک مختلف مقامات پر چھاپے ماری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Nov 28, 2025 IST

سری نگر پولیس کی کالعدم جماعت اسلامی سے منسلک مختلف مقامات پر چھاپے ماری
 
سری نگر پولیس نے بڑے پیمانے پر کالعدم جماعت اسلامی گروپ سے منسلک اراکین کی رہائش گاہوں اور اداروں پر چھاپے ماری کی،یہ کاروائی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (UAPA) کے تحت انجام دی گئی۔ذرائع کے مطابق پولیس نے یہ کاروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی،جہاں انہیں شک تھا کہ کچھ افراد یہاں ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کاروائی کالعدم تنظیم جماعت اسلامی سے منسلک نیٹ ورکس اور علاحدگی پسند پروپیگنڈے کو ختم کرنے کے مقصد سے انجام دی گئی،اور ریاست میں امن برقرار رکھنے اور پاک ماحول کو یقینی بنانے کے عزم کے طور پر کیا گیا۔
 
سری نگر پولیس نے بڑے چھاپے مارے:
 
پولیس کے مطابق جن افراد کے گھروں کی تلاشی لی گئی ان میں عمر سلطان گرو، محمد عبداللہ وانی (مرحوم محمد اکبر وانی کا بیٹا)، غلام محمد بھٹ، حاجی محمد رمضان لون، شاہد ظہیر، محمد رمضان نائیک، بشیر احمد لون، پیر غیاث الدین، اور منظور احمد، چوم نوگا کے رہائشی شامل ہیں۔مزید تلاشیوں میں جمیعت البنات، کشمیر یونیورسٹی، عمر کالونی (لال بازار)، راحت منزل (جے کے یتیم خانہ)، باغ نند سنگھ، چٹابل، نیز چنار پبلیکیشن ٹرسٹ اور الکوثر بک شاپ (مائسمہ) شامل ہیں۔ یہ کاروائی گزشتہ روز 27 نومبر جمعرات کو کی گئی۔
 
دریں اثنا، معتبر انٹیلی جنس کی بنیاد پر، ہندواڑہ پولیس نے ہندواڑہ کے واری پورہ میں واقع جامعہ اسلامیہ انسٹی ٹیوٹ پر بھی چھاپہ مارا۔ یہ کاروائی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں اور کالعدم تنظیموں سے روابط کی تحقیقات کے حصے کے طور پر کی گئی۔
 
عہدیداروں نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے انسٹی ٹیوٹ کی تلاشی کے دوران کئی الیکٹرانک آلات ضبط کئے۔ ان آلات کو فرانزک ٹیسٹنگ کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ ان کی افادیت اور مشتبہ روابط کا تعین کیا جا سکے، بشمول جماعت اسلامی (جے آئی) سے ممکنہ روابط۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کاروائی قانونی طریقہ کار کے مطابق کی گئی۔
 
اس سے قبل شوپیاں پولیس نے بھی ضلع میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے جو کہ یو اے پی اے کے تحت کالعدم تنظیم جماعت اسلامی سے وابستہ افراد اور مقامات کو نشانہ بنایا۔ 12 نومبر کو، اننت ناگ پولیس نے کالعدم تنظیم کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے ایک حصے کے طور پر ضلع میں کئی چھاپے بھی مارے۔