تلنگا نہ میں کل ایک سو سولہ میونسپلٹی اور سات کا رپویشنوں کے لئے پولنگ ہوگی ۔ انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ جبکہ میونسپل انتخابات کے ووٹوں کی گنتی تیرہ فروری کو ہوگی ۔تاہم اس سے قبل ایک ایسی افسوسناک خبر سامنے آئی ہے ، جس نے سب کو حیران کر دیا ۔
بتا دیں کہ تلنگانہ میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ سے ایک دن قبل بی جے پی امیدوار نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق مکتھل کے وارڈ نمبر 6 کے تحت چنداپور گاؤں کے رہنے والے 48 سالہ مہادیوپا بی جے پی کی جانب سے کونسلر کے طور پر مقابلہ کر رہے تھے۔ آج صبح انہوں نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر مخالفین کی ہراسانی کے باعث ہی انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ انہیں خوفزدہ کیا جارہا تھا۔ جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔
الزام ہے کہ انہیں فون پر پیغامات کے ذریعے جیل بھیجنے کی بات کہہ کر خوفزدہ کیا جارہا تھا، جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ کے شکار تھے۔اور اسی ذہنی دباؤ میں آکر مہادیوپا نے آدھی رات اپنے گھر میں پھانسی لگا لی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے ،اور تحقیقات شروع کردی ہے۔
وہیں اس افسوسناک واقعہ پرتلنگانہ بی جے پی کے رکن را جیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن نے مکتھل میں امیدوار کی خودکشی پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بی جے پی کے امیدوار کو ہراسا ں کرنے کا الزام لگایا ۔ اس موقع پر انہوں نے کانگریس کو تنقید کا بھی نشانہ بنایا ۔