حکومت مالی سال 2025-26 کیلئے تلنگانہ کا سالانہ بجٹ اسمبلی اور کونسل میں پیش کر رہی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ ملو بھٹی وکرمارکا اسمبلی میں بجٹ پیش کررہے ہیں جبکہ قانون ساز امور کے وزیر سریدھر بابو کونسل میں بجٹ پیش کررہے ہیں۔قبل ازیں کابینہ نے ریاستی سالانہ بجٹ 2025-26 کو منظوری دی۔ کابینہ کا اجلاس اسمبلی کمیٹی ہال میں ہوا جس کی صدارت چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کی۔ واضح رہے کہ بجٹ کا تخمینہ 3 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔
بتا دیں کہ تلنگانہ میں کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد یہ پہلا مکمل بجٹ ہے۔ کانگریس حکومت کے اس پہلے مکمل بجٹ سے خاص طورپر خواتین۔ نوجوانوں اور کسانوں کو کافی امیدیں ہیں۔ ادھر دوسری جانب قانون ساز امور کے وزیر سریدھر بابو نے قانون ساز کونسل میں بجٹ پیش کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد مکمل بجٹ پیش کیا گیا ہے۔سریدھر بابو نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ کانگریس حکومت کا یہ پہلا مکمل بجٹ ہے جس میں ریاست کے تمام لوگوں کو حصہ دار بنایاگیاہے۔
قبل ازیں ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس بھٹی وکرمارکا بجٹ کی کاپیاں لے کر قانون ساز اسمبلی پہنچے جہاں وزراء۔ ایم ایل ایز اور محکمہ خزانہ کے خصوصی چیف سکریٹری نے ان کا شاندار استقبال کیا۔اس موقع پر پونم پربھاکر نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کانگریس کے ایک سالہ دور اقتدار میں ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کے صرف ایک سال میں ریونت ریڈی حکومت نے پچاس ہزار سے زیادہ آسامیوں کو پر کیاہے جبکہ وہ آنے والے وقت میں مزید روزگار کے مواقع فراہم کرے گی۔ پونم پربھاکر نے مزید کہاکہ سال 2025-26 کا بجٹ سماج کے ہر طبقہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیار کیاگیاہے۔