دہلی ہائی کورٹ آج 2 ستمبر کو 2020 کے دہلی فسادات کیس میں عمر خالد، شرجیل امام اور سات دیگر ملزمان کی ضمانت عرضیوں پر اپنا فیصلہ سنانے والا ہے۔ ہائی کورٹ نے ملزم کے وکیل اور اسپیشل پی ایس پی مہرتا اور اسپیشل پی ایس پی کے دلائل سننے کے بعد 9 جولائی کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔تا ہم اب سب کی نظریں دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ پر ہے۔
جسٹس نوین چاولہ اور جسٹس شیلندر کور کی ڈویژن بنچ منگل کو فیصلہ سنائے گی۔ 9 جولائی کو ضمانت کی عرضیوں کی مخالفت کرتے ہوئے سالیسٹر جنرل (ایس جی) تشار مہتا نے دلیل دی تھی کہ قومی سلامتی سے متعلق یو اے پی اے کیسوں میں ٹرائل میں تاخیر کی بنیاد پر ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ دوسری جانب ملزمان کے وکیل نے پہلے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مقدمے کی سماعت میں تاخیر ہوئی ہے اور الزامات عائد نہیں کیے گئے ہیں اور مقدمہ الزامات پر دلائل کے مرحلے پر ہے۔
ایس جی تشار مہتا نے اپنے دلائل کے دوران ایک ملزم کا حوالہ دیا جس نے کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ہنگامہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے تقریر کے اس حصے کا بھی حوالہ دیا جہاں شرجیل امام نے کہا تھا کہ ہم چکن نیک (نارتھ ایسٹ) کو باقی ہندوستان سے ہمیشہ کے لیے الگ کر سکتے ہیں۔ اگر ہمیشہ کے لیے نہیں تو کم از کم ایک مہینے کے لیے۔ شرجیل نے اپنی ایک مبینہ سی اے اے مخالف تقریر میں یہ بھی کہا تھا کہ آپ آسام میں مسلمانوں کی حالت سے واقف ہیں۔