Thursday, October 30, 2025 | 08, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • ون ڈے رینکنگ میں ان بھارتی بلے بازوں نے حاصل کیا ہے یہ مقام

ون ڈے رینکنگ میں ان بھارتی بلے بازوں نے حاصل کیا ہے یہ مقام

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 30, 2025 IST

ون ڈے رینکنگ میں ان بھارتی بلے بازوں نے حاصل کیا ہے یہ  مقام
بھارتی کرکٹ ٹیم کے عظیم بلے باز روہت شرما نے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جس کا فائدہ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رینکنگ میں حاصل ہوا۔ سابق بھارتی کپتان اب ون ڈے میں سرفہرست رینکنگ حاصل کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ 38 سالہ روہت اس مقام کو حاصل کرنے والے سب سے زیادہ عمر کے کھلاڑی بنے ہیں۔ آئیے ان بھارتی بلے بازوں کے بارے میں جانتے ہیں جنہوں نے ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔
 
سچن تندولکر
 
سابق عظیم بلے باز سچن تندولکر 1996 میں سرفہرست رینکنگ والے بلے باز بنے تھے۔ انہوں نے ون ڈے کیریئر میں اپنے بہترین ریٹنگ پوائنٹس (881) 1998 میں حاصل کیے تھے۔ تندولکر نے اپنے ون ڈے کیریئر کا اختتام 44.83 کی اوسط کے ساتھ 18,426 رنز کے ساتھ کیا تھا۔ وہ ون ڈے کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے 463 ون ڈے میچز کھیلے، جن میں 49 سنچریاں اور 96 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
 
مہندر سنگھ دھونی
 
دسمبر 2004 میں اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کرنے والے مہندر سنگھ دھونی نے 2006 میں رینکنگ میں سرفہرست مقام حاصل کیا تھا۔ انہوں نے 2009 میں اپنے کیریئر کے بہترین ریٹنگ پوائنٹس (826) حاصل کیے تھے۔ دھونی اپنے ون ڈے کیریئر میں طویل عرصے تک ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست میں شامل رہے۔ سابق بھارتی کپتان نے 350 ون ڈے میچز کھیلے، جن میں 50.57 کی اوسط سے 10,773 رنز بنائے۔
 
ویراٹ کوہلی
 
ویراٹ کوہلی 2013 میں پہلی بار سرفہرست رینکنگ والے بلے باز بنے تھے۔ وہ ان چند بلے بازوں میں شامل ہیں جنہوں نے ون ڈے رینکنگ میں 900 سے زائد ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔ انہوں نے 2018 میں 909 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے تھے۔ کوہلی نے اپنے شاندار ون ڈے کیریئر میں 14,000 سے زائد رنز بنائے ہیں، جن میں سب سے زیادہ 51 سنچریاں شامل ہیں۔ موجودہ رینکنگ میں بھی کوہلی ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل ہیں۔
 
شوبمن گل
 
شوبمن گل نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں بھارت کی ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا۔ گل 2023 میں پہلی بار سرفہرست رینکنگ والے بلے باز بنے تھے۔ انہوں نے اسی سال کیریئر کے بہترین ریٹنگ پوائنٹس (847) حاصل کیے تھے۔ گل نے اپنے ون ڈے کیریئر میں اب تک 2,800 سے زائد رنز بنائے ہیں، جن میں 8 سنچریاں شامل ہیں۔
 
روہت شرما
 
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان روہت نے حال ہی میں سرفہرست رینکنگ والے بلے باز کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ 38 سال اور 182 دن کی عمر میں روہت نے یہ مقام حاصل کیا۔ گزشتہ ہفتے رینکنگ میں روہت کے 745 ریٹنگ پوائنٹس تھے، پھر ان کی دو بڑی اننگز کی بدولت ان کے ریٹنگ پوائنٹس 781 ہو گئے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے دورے پر دوسرے اور تیسرے ون ڈے میں بالترتیب 73 اور ناقابل شکست 121 رنز کی اننگز کھیلا ہے۔