Sunday, November 16, 2025 | 25, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • مظفر پور میں افسوسناک واقعہ: گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی دردناک موت،متعدد کی حالت نازک

مظفر پور میں افسوسناک واقعہ: گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی دردناک موت،متعدد کی حالت نازک

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Nov 15, 2025 IST

مظفر پور میں افسوسناک واقعہ: گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی دردناک موت،متعدد کی حالت نازک
بہار کے مظفر پور ضلع سے ایک ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے دس افراد جھلس گئے۔ ان میں سے پانچ کی موت ہو گئی، جبکہ پانچ دیگر شدید زخمی ہیں۔ مرنے والوں میں میاں بیوی اور دو بچے شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کسی کو بچنے کا موقع ہی  نہیں ملا۔
 
کب اور کیسے لگی آگ؟
 
یہ افسوسناک واقعہ مظفر پور کے موتی پور کے وارڈ نمبر 13 میں پیش آیا۔ واقعہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب گھر والے سو رہے تھے۔ اچانک گھر سے دھواں اور آگ کے شعلے اٹھنے لگے۔پڑوسیوں نےجب اچانک گھر سے دھواں نکلتا دیکھا تو شور مچاتے ہوئے لوگوں کو جگانے کی کوشش کی اور  فائر بریگیڈ کو بھی اطلاع دی گئی۔موتی پور پولیس اور فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچی اور کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔لیکن آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ اندر پھنسے افراد بچ نہ سکے۔
 
شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کا شبہ :
 
موتی پور پولیس اسٹیشن کے انچارج سنجیو کمار سنگھ نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن ابتدائی تحقیقات میں شارٹ سرکٹ کا پتہ چلا ہے۔مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن آگ اتنی شدید تھی کہ اس پر قابو پانا مشکل ہوگیا۔ آگ کے شعلے اتنے شدید تھے کہ قریبی گھروں میں بھی شدت محسوس کی گئی۔
 
پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ زخمیوں میں لال بابو پرساد کمار (55)، ساکشی کماری (14)، پشپا کماری (48) اور مالا دیوی (42) شامل ہیں۔پولیس اس معاملے کی مکمل تفتیش کر رہی ہے اور دیگر ممکنہ وجوہات کی بھی چھان بین کر رہی ہے۔
 
زخمیوں کا علاج SKMCH میں جاری :
 
اطلاع ملنے پر موتی پور پولیس اور فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ پولیس نے زخمی ہونے والے پانچ افراد کو بچا لیا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر مظفر پور کے ایس کے ایم سی ایچ اسپتال لے جایا گیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی ویسٹ) سچترا کماری نے تصدیق کی کہ پانچ افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے ہیں جن کا اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور ڈاکٹرز ان کی نگرانی کر رہے ہیں۔
 
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ متوفی کے لواحقین اور علاقہ مکینوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور پورے علاقے میں سوگ پھیل گیا۔ انتظامیہ نے راحت اور امدادی ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔