Friday, February 13, 2026 | 25, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی

نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Feb 12, 2026 IST

نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات تقریباً تین گھنٹے بند دروازوں کے پیچھے جاری رہی۔ نیتن یاہو نے ملاقات کے بعد کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ تاہم صدر ٹرمپ نے بعد میں ایک پوسٹ میں ملاقات کو شاندار قرار دیا لیکن کہاکہ کوئی بھی ٹھوس نتائج حاصل نہیں ہوئے۔ صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ وہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ  تہران کے ساتھ جوہری معاہدے کے لیے کام کر رہے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ معاہدہ بہتر ہوگا لیکن اگر ایران انکار کرتا ہے تو صورتحال کو دیکھتے ہوئے مزید فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تھا جب اس نے معاہدے کو مسترد کیا تھا۔ 
 
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رہنے چاہییں۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جوہری معاہدہ طے نہ پایا تو وہ ایران کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو محدود کرنے سے متعلق مذاکرات میں تیزی کے درمیان دونوں رہنماؤں کی ملاقات بدھ کو وائٹ ہاؤس میں ہوئی۔ امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ نیتن یاہو، ٹرمپ پر ایسے معاہدے کی سمت پیش رفت کے لیے دباؤ ڈالیں گے جو نہ صرف ایران کی یورینیم افزودگی کو روکے بلکہ اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور ایران کی جانب سے حماس اور حزب اللہ جیسے گروہوں کو دی جانے والی حمایت پر بھی پابندی عائد کرے۔
 
ایران نے عندیہ دیا ہے کہ وہ پابندیوں میں نرمی کے بدلے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم اس نے دیگر مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں ملاقات سے قبل ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا کہ ان کا ملک حد سے زیادہ مطالبات کے آگے نہیں جھکے گا۔ دوسری جانب، نیتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی سکیورٹی ضروریات پر گفتگو کی اور اپنے قریبی رابطے اور تعلقات کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔