مہاراشٹر کے ناندیڑ ضلع میں ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ دو بھائیوں نے اپنے والدین کو گلا دبا کر قتل کیا اور پھر ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کر لی۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
ناندیڑ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت ہو گئی ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ دو بیٹوں نے پہلے اپنے والدین کو قتل کیا اور پھر خودکشی کر لی۔ ایک پولس افسر نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔
متوفی والدین کی شناخت رمیش سوناجی لکھے (51) اور اس کی بیوی رادھا بائی لکھے (45) کے طور پر کی گئی ہے۔ جن بیٹوں نے جرم کیا اور خودکشی بھی کی ان کی شناخت امیش (25) اور بجرنگ (23) کے طور پر کی گئی ہے۔
مڈکھیڈ تحصیل کے گاؤں جوالا مرہڑ میں والدین کی لاشیں ان کے گھر میں ایک بستر پر برآمد ہوئیں۔ بیٹوں کی لاشیں گاؤں سے کچھ فاصلے پر موگٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹریوں پر پائی گئیں۔
واقعہ کی وجہ:
جانکاری کے مطابق قتل اور خودکشی کا یہ معاملہ مالی تنگی کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ان کے بیٹوں نے ان کے والدین کا اس وقت گلا گھونٹ دیا جب وہ گھر میں سو رہے تھے اور پھر ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کر لی۔
معلومات کے مطابق متوفی کے والد فالج کا شکار تھے، ان کی بیماری کے باعث خاندان میں مالی مشکلات پیدا ہوگئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ بیٹوں نے قتل کیا اور پھر خودکشی کی۔
حالانکہ پولیس تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے، لیکن اس واقعہ نے علاقے میں ہلچل مچا دی ہے، اور لوگ مختلف معاملات پر بحث کر رہے ہیں۔ ایک ہی گھر سے چار افراد کی لاشیں ملنے سے محلے میں بھی غم کی لہر دوڑ گئی۔