مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ تین روزہ دورے پر مغربی بنگال پہنچ گئے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ سرحدی سلامتی، داخلی سکیورٹی اور مرکزی و ریاستی اداروں کے درمیان بہتر تال میل سے متعلق کئی اہم پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ امیت شاہ اپنے دورے کے دوران سلی گوڑی میں واقع سشسترا سیما بل (SSB) کے فرنٹیئر ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے۔ یہاں وہ سرحدی تحفظ سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور ایس ایس بی کے افسران و جوانوں سے ملاقات کریں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ ایس ایس بی کے جوانوں کے ساتھ روایتی ’بارہ خانہ‘ میں بھی شرکت کریں گے۔ بارہ خانہ ایک اجتماعی کھانے کی روایت ہے، جس میں فورس کے اہلکار ایک ساتھ کھانا کھاتے ہیں۔ اس موقع پر امیت شاہ جوانوں سے براہِ راست بات چیت بھی کریں گے اور سرحدی علاقوں میں درپیش چیلنجز کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔
دورے کے دوران امیت شاہ سلی گوڑی کے کاواکھلی گراؤنڈ میں منعقدہ ’بھارتیہ نیا سنہتا‘ کی نمائش کا بھی معائنہ کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ ایک اہم اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں داخلی سلامتی اور نئے فوجداری قوانین کے نفاذ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
امیت شاہ کے دورے کا ایک اہم مرحلہ 22 اگست کو ہونے والا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس ہوگا۔ اس اجلاس میں مغربی بنگال سے متصل سرحدی علاقوں کی سلامتی، اسمگلنگ، غیر قانونی نقل و حرکت اور دیگر سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔اجلاس کا مقصد BSF، SSB، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور ریاستی حکام کے درمیان تال میل کو مزید مضبوط بنانا ہے، تاکہ سرحدی علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق جائزہ اجلاس میں دونوں سرحدی فورسز کے سربراہان، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران اور مغربی بنگال پولیس کے سینئر عہدیدار بھی موجود رہیں گے۔امیت شاہ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرقی سرحدوں کی نگرانی اور سرحدی علاقوں میں سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے پر مرکزی حکومت کی خصوصی توجہ ہے۔ دورے کے دوران ہونے والے اجلاسوں اور سکیورٹی جائزے کو اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔