Wednesday, June 25, 2025 | 29, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • ملک کی مختلف ریاستیں مانسون کی لپیٹ میں :16 ریاستوں میں موسلادھار بارش

ملک کی مختلف ریاستیں مانسون کی لپیٹ میں :16 ریاستوں میں موسلادھار بارش

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jun 25, 2025 IST     

image
مانسون قومی دارالحکومت دہلی کے علاوہ پورے ملک میں پہنچ چکا ہے۔ مانسون کے اثر کی وجہ سے پنجاب، اتراکھنڈ اور اتر پردیش سمیت 16 ریاستوں میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ گجرات کے شہر سورت میں پیر سے منگل کی صبح تک 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ہے اور پورا شہر ندی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ آئندہ سات دنوں کے دوران ملک کے وسطی، مشرقی اور شمال مشرقی حصوں کے علاوہ شمال مغرب میں موسلادھار سے بہت زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مختلف ریاستوں کیلئے ایلو کارڈ جاری کیا ہے۔ہندوستانی محکمہ موسمیات نے کہا کہ منگل کو مانسون نے ہریانہ اور چندی گڑھ میں بھی دستک دی۔
 
 ساتھ ہی شمالی بحیرہ عرب کے باقی حصے، مغربی اتر پردیش اور پنجاب کے کچھ اور حصے، ہماچل پردیش اور جموں کے باقی حصے بھی مانسون کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ مانسون کی شمالی سرحد باڑمیر، جودھ پور، جے پور، آگرہ، رام پور، بجنور، کرنال اور ہلواڑہ سے گزر رہی ہے۔ آ:ندہ 36 گھنٹوں کے دوران راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور مغربی اتر پردیش کے کچھ مزید حصوں میں مانسون کے آگے بڑھنے کیلئے حالات سازگار ہیں۔شدید بارش سے سب سے زیادہ خراب صورتحال سورت شہر میں ہے۔ شہر کی طرف جانے والی دو شاہراہیں زیر آب آگئی ہیں۔ نشیبی علاقوں کی چار سے پانچ سوسائٹیاں بھی زیر آب آگئی ہیں۔ ضلع انتظامیہ راحت اور بچاؤ کاموں میں مصروف ہے۔ 
 
ادھر دوسری جانب جموں و کشمیر کے راجوری میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ یہاں موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس کے علاوہ سڑکیں بھی جھیل میں تبدیل ہوگئی ہیں جبکہ متعدد نالے بھی لبریز ہوگئے ہیں۔ یہاں محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں تک مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مقامی لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیاہے۔