• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • وینزویلا زلزلہ: ہلاکتوں میں اضافہ، ریسکیو آپریشن جاری

وینزویلا زلزلہ: ہلاکتوں میں اضافہ، ریسکیو آپریشن جاری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 26, 2026 IST

وینزویلا زلزلہ: ہلاکتوں میں اضافہ، ریسکیو آپریشن جاری
وینزویلا میں ایک منٹ کے اندر آنے والے دو طاقتور زلزلوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی ہے۔  سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 235 ہو گئی ہے، جبکہ  4,300 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اس کے علاوہ ہزاروں افراد اب بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں، جس کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں میں  مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
 
وزیرِ داخلہ Diosdado Cabello نے بتایا کہ شمالی ساحلی ریاست La Guaira میں 100 سے زائد عمارتیں منہدم ہو چکی ہیں، جبکہ زلزلوں سے 70 ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے امدادی اور ریسکیو کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے علاقے میں تعینات اہلکاروں کی تعداد 4,200 سے بڑھا کر 11,500 کر دی ہے، تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو جلد از جلد نکالا جا سکے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
 
اقوامِ متحدہ کے ہنگامی امدادی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ وینزویلا میں زلزلے کے بعد دنیا کے مختلف ممالک سے مزید سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 235 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 4,300 سے زائد افراد زخمی اور ہزاروں اب بھی لاپتہ ہیں۔ ٹام فلیچر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ سوئٹزرلینڈ کی امدادی ٹیموں کے ساتھ مزید ماہرین بھی وینزویلا پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ فوری امدادی سرگرمیوں کے لیے ہنگامی فنڈ سے 15 ملین ڈالر جاری کیے گئے ہیں اور کہا کہ "ہر گزرتا لمحہ انتہائی اہم ہے۔"
 
دوسری جانب اسٹارلنک نے اعلان کیا ہے کہ وینزویلا میں زلزلے سے متاثرہ صارفین کو ایک ماہ تک مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کی جائے گی۔ کمپنی نے بتایا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں تیزی سے اسٹارلنک ٹرمینلز نصب کر رہی ہے تاکہ مواصلاتی نظام جلد از جلد بحال ہو سکے اور امدادی کاروائیوں کے ساتھ متاثرہ افراد کا اپنے اہلِ خانہ سے رابطہ آسان بنایا جا سکے۔
 
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس مشکل وقت میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ 
 
وزارتِ صحت کے مطابق امدادی کاروائیاں مسلسل جاری ہیں اور رضاکار، فوج، سول ڈیفنس اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ملبہ ہٹا کر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ وزیرِ صحت کارلوس الواراڈو نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ، تاہم تازہ اطلاعات کے بعد یہ بڑھ کر 235 ہو گئی ہے۔
 
زلزلے کے باعث سب سے زیادہ نقصان کاراکاس اور ساحلی شہر لا گوائیرا میں ہوا، جہاں متعدد عمارتیں منہدم ہونے کے ساتھ بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا۔ ہزاروں افراد کو اپنے گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ کئی خاندان بے گھر ہوگئے  
 
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق پہلا زلزلہ 7.2 شدت کا تھا، جس کا مرکز کاراکاس سے تقریباً 168 کلومیٹر مغرب میں کیریبین ساحل کے قریب واقع تھا - اس کے صرف چالیس سیکنڈ بعد 7.5 شدت کا دوسرا اور زیادہ طاقتور زلزلہ آیا، ۔ ماہرین کے مطابق  دونوں زلزلوں کے اثرات انتہائی شدید محسوس کیے گئے۔