مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور اب چار مئی کو ووٹوں کی گنتی ہونی ہے ،لیکن اس سے قبل ووٹوں کی حفاظت کو لیکر سیاسی ہلچلیں مچی ہوئی ہے۔ووٹوں کی گنتی کے مقامات کی سیکورٹی کو لے کر سیاسی گہما گہمی چھڑی ہوئی ہے۔ جمعرات کی شام وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اپنے رہنماؤں اور کارکنوں کو گنتی کے مقامات پر الرٹ رہنے کی ہدایت دینے کے بعد خود بھبانی پور کے اسٹرونگ روم پر پہنچ گئیں۔ کولکاتا میں اپنے انتخابی حلقے کے ا سٹرونگ روم پر ممتا نے تقریباً 4 گھنٹے وقت گزارا اور انتخابی کمیشن کو وارننگ بھی دی۔
جان کی بازی لگا دیں گے : ممتابنرجی
ترنمول کانگریس (TMC) کی سربراہ ممتا بنرجی نے جنوبی کولکاتا کے سخاوت میموریل اسکول میں بنے اسٹرونگ روم کا دورہ کیا۔ انہوں نے یہ دورہ اس وقت کیا جب ایک وائرل ویڈیو میں اسٹرونگ روم کے آس پاس کی سرگرمیاں دکھائی گئی تھیں۔ یہاں کا دورہ کرنے کے بعد ممتا نے کہا، اگر کوئی الیکٹرانک ووٹنگ مشین (EVM) چوری کرنے یا گنتی میں چھیڑچھاڑ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ہم جان کی بازی لگا کر لڑیں گے۔
مرکزی فورسز انہیں اندر جانے سے روک رہے تھے:ممتا بنرجی
ممتا نے رات کے دورے کے بعد کہا، یہاں EVM کے لیے ایک محفوظ کمرہ ہے۔ ہم نے پایا کہ کئی جگہوں پر EVM میں ہیرا پھیری ہو رہی ہے۔ جب میں نے اسے ٹی وی پر دیکھا تو میں نے سوچا کہ مجھے یہاں آنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی فورسز نے انہیں اندر جانے سے روکا، لیکن امیدوار کے طور پر اپنے حقوق کا دعویٰ کرنے کے بعد انہیں جانے دیا گیا۔ انہوں نے کہا، امیدواروں اور ان کے نمائندوں کو سیل بند کمرے تک جانے کی اجازت ہے۔
ایک اشارے پر 10 ہزار لوگ جمع ہو جائیں گے:TMC
اس دوران TMC نے ایکس پر کہا کہ بی جے پی اور ان کے حامی انتخابی کمیشن کو اندازہ نہیں کہ وہ کس سے ٹکرا رہے ہیں۔ وہ دوسرے ریاستوں سے اپنے لوگوں کو بلانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہمیں بھیڑ اکٹھا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ممتا کے ایک اشارے پر 10 ہزار لوگ اس علاقے میں پہنچ جائیں گے، لیکن پارٹی قانون کا احترام کرتے ہوئے امن کا راستہ اختیار کرتی ہے۔ وہ ڈرتی نہیں ہے۔ پارٹی نے دھاندلی پر بے قابو انجام بھگتنے کی تنبیہ دی ہے۔