Wednesday, June 25, 2025 | 29, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • کیا ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ہوگا؟ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کا کیا اعلان

کیا ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ہوگا؟ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کا کیا اعلان

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jun 24, 2025 IST     

image
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کو روکنے کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ تاہم ابھی تک اس اعلان کے حوالے سے ایران یا اسرائیل کی جانب سے کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں ممالک اس مجوزہ جنگ بندی پر مثبت رویہ اختیار کرسکتے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ جنگ بندی کے پس منظر میں کچھ سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔ غور طلب ہے کہ یہ اعلان امریکہ کی جانب سے ایران کے جوہری اڈوں پر مبینہ حملے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے خطے میں اچانک کشیدگی بڑھ گئی تھی۔ 12 دن کے بعد امریکی صدر نے ایران اسرائیل جنگ پر جنگ بندی معاہدے کی جانب پیش قدمی کی ہے۔
 
جنگ بندی معاہدے کی طرف پہل :ڈونلڈ ٹرمپ 
 
 ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اسرائیل جنگ پر جنگ بندی معاہدے کی طرف پہل کی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھاکہ اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق ہوتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ایسا ہو گا تو میں ایران اور اسرائیل دونوں کو اس 12 روزہ جنگ کو ختم کرنے کے لیے ہمت اور عزم دکھانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ٹرمپ نے بتایا کہ دونوں ممالک تقریباً 6 گھنٹے بعد اپنی موجودہ فوجی کارروائیاں ختم کر دیں گے اور پھر 12 گھنٹے کے لیے جنگ بندی شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ایران جنگ بندی شروع کرے گا اور پھر اسرائیل 12 گھنٹے بعد ایسا ہی کرے گا۔ کل 24 گھنٹے بعد اس جنگ کو باضابطہ طور پر ختم کرنے پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران دونوں ممالک امن اور احترام سے پیش آئیں گے۔
 
جنگ بندی کی کوئی تجویز موصول نہیں :ایرانی عہدیدار 
 
ادھر دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے چند ہی منٹوں میں متضاد اطلاعات سامنے آئیں۔ ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے کہاکہ ایران کو جنگ بندی کی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی  ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو جنگ بندی سے متعلق ابھی تک کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی ہے۔ ایرانی عہدیدار نے مزید کہاکہ ایران نے کبھی بھی جنگ کی حمایت نہیں کی تاہم وہ اپنے دفاع کا پورا حق رکھتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ایران اپنا اور اپنے شہریوں کا تحفظ کرنا اچھی طرح جانتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اسرائیل اور امریکہ کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔ اس کے علاوہ اسرائیل کی سیکورٹی کابینہ کا اجلاس ابھی جاری ہے اور اس نے باضابطہ طورپر جنگ بندی کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ابھی تک کسی بھی حکومت کی طرف سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔