Thursday, November 26, 2026 | 15 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • یوپی الیکشن 2027:اکھلیش یادو نے جاری کیا پارٹی کا انتخابی منشور

یوپی الیکشن 2027:اکھلیش یادو نے جاری کیا پارٹی کا انتخابی منشور

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 26 Nov 2026

 یوپی الیکشن 2027:اکھلیش یادو نے جاری کیا  پارٹی کا انتخابی منشور

سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بدھ کے روز 2027 کے اترپردیش اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کا منشور ’’پی ڈی اے کا پرن پتر‘‘ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے وعدہ کردہ ’’اچھے دن‘‘ کبھی نہیں آئے، البتہ ’’برے دن‘‘ اب رخصت ہونے والے ہیں۔ منشور کی اجرا ئی یوم آئین کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں کی گئی ۔ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے الزام عائد کیا کہ حکومت کو اقتدار سے بے دخلی کا خدشہ ہے اسی لیے اس کی زبان بدل گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات سماجی انصاف کی بالادستی اور آئین کی حفاظت کے لیے ایک فیصلہ کن مرحلہ ہوں گے۔

اکھلیش یادو نے واضح کیا کہ پی ڈی اے سے مراد پچھڑا، دلت اور اقلیتیں ہیں، اور منشور ان ہی طبقات کی محرومیوں کے ازالے کے لیے ترجیحات طے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی ایک شفاف اور بدعنوانی سے پاک نظام قائم کرے گی جس میں پیپر لیک جیسے اسکینڈل نہ ہوں اور افسران و وزراء کو ذاتی طور پر جوابدہ بنایا جائے۔ بڑے شہروں میں طلبہ و طالبات کے الگ رہائشی ہاسٹل قائم کرنے، اور ہر نوجوان کے لیے معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا۔

یادو نے اعلان کیا کہ پارٹی سنگین جرائم کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائے گی، خصوصاً دلتوں، پسماندہ طبقات، اقلیتوں، مسلمانوں، خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر سخت کاروائی ہوگی۔ روزگار کے محاذ پر انہوں نے کہا کہ حکومت ملنے پر 5 برس میں 25 لاکھ سرکاری نوکریاں فراہم کی جائیں گی، جب کہ دیگر شعبوں میں 2 سے 3 کروڑ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ بے روزگار گریجویٹس کو نوکری ملنے تک ماہانہ 5,000 روپے الاونس دیا جائے گا، سرکاری آسامیوں کا سالانہ کیلنڈر جاری ہوگا اور امتحانات وقت پر ہوں گے؛ سنگل ایگزام بھرتیاں 3 ماہ اور ملٹی اسٹیج بھرتیاں 6 ماہ میں مکمل کی جائیں گی۔

تعلیم کے متعلق ریاستی تعلیمی پالیسی لانے، معیاری تعلیم تک مساوی رسائی دینے اور بالخصوص پی ڈی اے و کمزور طبقات کے طلبہ کی خصوصی اعانت کا اعلان کیا گیا۔ منشور میں دعویٰ ہے کہ موجودہ حکومت نے 26,000 پرائمری اسکول بند کیے جنہیں دوبارہ کھولا جائے گا، جب کہ بارہویں پاس طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم بحال ہوگی۔ اکھلیش یادو نے موجودہ ٹیبلیٹ اسکیم کو ناکام قرار دیتے ہوئے یونیورسٹیوں میں مبینہ سخت رویے اور ادارہ جاتی بندشوں کو تعلیم دشمن اقدامات کہا۔

دلتوں اور پی ڈی اے برادری کے لیے وزیرِاعلیٰ کی سربراہی میں دلت ڈیولپمنٹ کونسل کی تشکیل اور 50 کروڑ روپے تک کے سرکاری ٹھیکوں میں 50 فیصد حصے کی تجویز شامل ہے۔ فلاحی اقدامات میں سماجوادی کینٹینز کے ذریعے 5 روپے میں کھانا، عمر رسیدہ خواتین سمیت معمر ہنرمند خواتین کے لیے سالانہ 40,000 روپے پنشن براہِ راست بینک کھاتوں میں ادا کرنے، اور بزرگ شہریوں کی کفالت و بہبود کے قانون کے تحت اولڈ ایج ہومز اور کلبس قائم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا۔