Thursday, November 26, 2026 | 15 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • مصر میں ایندھن ٹینکر الٹنے سےآتشزدگی، 30 افرادہلاک، 25 زخمی، درجنوں گاڑیاں شعلہ پوش

مصر میں ایندھن ٹینکر الٹنے سےآتشزدگی، 30 افرادہلاک، 25 زخمی، درجنوں گاڑیاں شعلہ پوش

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 26 Nov 2026

مصر  میں  ایندھن ٹینکر الٹنے سےآتشزدگی، 30 افرادہلاک، 25 زخمی، درجنوں گاڑیاں شعلہ پوش

مصر کی دارلحکومت قاہرہ کے مضافات میں جیزہ صوبہ کے الوراق علاقے میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں 30 افراد ہلاک اور دیگر 25 زخمی ہوگئے۔

 یہ حادثہ الوراق علاقے کی رنگ روڈ پر بدھ 25 نومبر کی رات  پیش آیا ۔  بتایا جا رہا ہےکہ  ایک پٹرولیم مصنوعات سے بھرا ایندھن ٹینکر بے قابو ہو کر کنکریٹ ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا، الٹتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی اور شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے گزرنے والی درجنوں گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ حکام کے مطابق اس المناک حادثے میں 30 افراد ہلاک اور 25 جھلس کر زخمی ہوئے، جبکہ 2 درجن سے زیادہ کاریں اور موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ مقامی وقت کے مطابق حادثہ ٹریفک کے مصروف اوقات کے بعد پیش آیا، تاہم قریب کی آبادی اور شاہراہ پر موجود شہری بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہوگئے جس سے ریسکیو کارروائیوں میں دشواری بھی پیش آئی۔

مصر کے پبلک پراسیکیوشن آفس نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے کی مسلسل کوششیں کیں اور امدادی کارکنوں نے جلتی گاڑیوں سے متاثرین کو نکالا۔ وزارت صحت کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، اور 39 ایمبولنسیں ریسکیو مشن میں مامور رہیں۔ کئی لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث ہلاک شدگان کی شناخت کے لیے ڈی این اے جانچ شروع کرا دی گئی ہے۔

وزیر صحت خالد عبدالغفار نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے اور اسپتالوں میں علاج معالجہ کے انتظامات کی نگرانی کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اموات کی تعداد ابتدائی اندازوں پر مبنی ہے، اس میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ہلاک افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری مدد فراہم کی جائے اور تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگ طریقے سے امدادی کام جاری رکھیں۔

ابتدائی تحقیقات سے اشارہ ملتا ہے کہ ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا جس کے بعد ٹینکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گیا اور رِسنے والے ایندھن نے آگ کو پھیلا دیا، تاہم حتمی وجوہات اور ذمہ داری کے تعین کے لیے تفتیش جاری ہے۔ حکام عینی شاہدین کے بیانات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی روشنی میں شواہد اکٹھا کر رہے ہیں، جبکہ سڑک کی حالت، رفتار اور حفاظتی معیارات کی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔

مقامی میڈیا اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مصر میں تیز رفتاری، خستہ حال سڑکیں اور ٹریفک قوانین پر کمزور عمل درآمد مہلک حادثات کی بڑی وجوہات بتائی جاتی ہیں۔ سرکاری شماریاتی ایجنسی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں سڑک حادثات سے ہونے والی اموات گزشتہ برسوں میں اضافے کا رجحان دکھا رہی ہیں؛ سال 2024 میں 5260 اموات ریکارڈ ہوئیں اور 2025 میں یہ تعداد 5829 بتائی گئی، جو تقریباً 10.8 فیصد زیادہ ہے۔

رواں سال کے آغاز میں بھی جنوبی صوبہ بنی سویف کے قریب کئی گاڑیوں کی ٹکر میں 21 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے تھے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ریسکیو گاڑیوں کو راستہ دیں، غیر ضروری ہجوم نہ لگائیں اور سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں۔