اترپردیش اسمبلی انتخابات سے ریاست میں سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ سماج وادی پارٹی نے اپنا منشور جاری کیا ہے۔ اور ادھر لکھنؤ میں آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کےاتحاد سماجک پریورتن مورچہ نے یومِ دستور کے موقع پر اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا۔
آزاد سماج پارٹی (کانشی رام)کے صدر اور ناگینہ کے رکنِ پارلیمنٹ چندرشیکھر آزاد نے اعلان کیا کہ اگر سماجک پریورتن مورچہ 2027 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے بعد حکومت بناتا ہے تو دو،نائب وزیراعلیٰ ایک مسلم اور دوسرا پسماندہ طبقات کے قائدین کو بنایا جا ئےگا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس اتحاد کے وزیرِاعلیٰ کے امیدوار وہی ہیں اور مورچہ ریاست کی تمام 403 نشستوں پر انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اترپردیش اسمبلی انتخابات کےلئے 11 نومبر کو اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی اور چندر شیکھر آزاد نے اتحاد کا اعلان کیا ہے۔
چندرشیکھر آزاد نے خواتین کے لیے براہِ راست بینک منتقلی کی اسکیم کا وعدہ کیا اور کہا کہ اگر کوئی مخالف جماعت 20,000 روپے دیتی ہے تو وہ ہر خاتون کو 25,000 روپے دیں گے۔ ان کے مطابق یہ رقم حکومت کی خود تشہیر پر مبینہ طور پر خرچ ہونے والے تقریباً 7,000 کروڑ روپے کی کٹوتی سے مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے جذباتی لہجے میں کہا کہ ان کی حکومت آئے تو عبدال نامی شہری کی علامتی مثال کے ذریعے بتایا گیا مسلمان ڈپٹی وزیراعلیٰ بنے گا اور محروم طبقات کی آواز بنے گا، ساتھ ہی سب سے پسماندہ طبقے سے بھی ایک رہنما کو اسی منصب پر فائز کیا جائے گا۔
انہوں نے موجودہ بی جے پی حکومت پر ریاست کے غریبوں اور نوجوانوں سے وعدہ خلافی کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ یوپی میں تقریباً 5 کروڑ لوگ اب بھی غربت میں ہیں، گزشتہ 10 برس میں 25,000 سے زیادہ اسکول بند ہوئے اور کوئی صنعتی پالیسی متعارف نہیں کرائی گئی جس سے نوجوان روزگار کی تلاش میں ہجرت پر مجبور ہوئے۔ ان کے بقول پسماندہ طلبہ کے لیے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اور پسماندہ طبقات کی فنانس و ڈیولپمنٹ کارپوریشن جیسی سہولتیں بھی ختم کی گئیں۔
دستورِ ہند پر بات کرتے ہوئے آزاد نے کہا کہ مورچہ آئین میں تبدیلی کی کسی کوشش کے سامنے دیوار بنے گا اور انصاف ڈاکٹر امبیڈکر کے آئین سے آئے گا، بلڈوزر سے نہیں۔ انہوں نے 26/11 ممبئی حملوں کے شہید ہیمنت کرکرے اور دیگر جان بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پروگرام لکھنؤ کے رمابائی امبیڈکر میدان میں منعقد ہوا۔ صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی نے اپنے خطاب میں وزیرِاعظم نریندر مودی اور اترپردیش کے وزیرِاعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر سخت تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ ملک اور ریاست میں نفرت کو بڑھایا جا رہا ہے جبکہ غریبوں، محروم طبقات اور اقلیتوں کے مسائل نظر انداز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب موقع پرستی اور دھوکہ دہی کو مسترد کریں گے، اور یہ مورچہ شراکت داری، بھائی چارے اور انصاف کی نئی شروعات ہے۔
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اویسی نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دستورِ ہند کی تمہید کے الفاظ کی اہمیت اجاگر کی اور جمہوریت میں عوام کی بالادستی پر زور دیا۔ انہوں نے انتخابی فہرستوں کی نظرِثانی کے عمل پر اعتراضات اٹھائے اور ووٹ کے حق کے تحفظ کے لیے عوام سے چوکس رہنے کی اپیل کی۔قائدین نے تعلیم، روزگار، سماجی انصاف، مساوات، کسانوں کے مسائل، دستوری حقوق اور اقلیتوں و دلتوں کی سیاسی نمائندگی کو اپنے انتخابی ایجنڈے کی ترجیحات بتایا۔






