بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے بدھ کے روز نیوزی لینڈ میں اداکارہ و ماڈل سمرین کور کو ،رومانوی انداز میں منگنی کی پیشکش کی اور چند گھنٹوں بعد اسی لمحے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے مداحوں کو خوشخبری سنادی۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب انڈین پریمیئر لیگ کے آئندہ سیزن سے قبل پنجاب کنگز سے ممبئی انڈینز میں ان کی منتقلی کی باضابطہ تصدیق ہوئی، جس کے باعث کرکٹ حلقوں میں ڈبل خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
سمرین کور نے انسٹاگرام پر منگنی کی تصاویر شیئر کیں جن میں ارشدیپ انہیں انگوٹھی پہنا رہے ہیں، اور ساتھ ایک جذباتی نوٹ میں لکھا کہ زندگی نے ہمیں سب سے بڑھ کر ایک دوسرے کا ساتھ دیا، اسی کے نام یہ نیا آغاز ہے، اور تاریخ کے طور پر 11.11.2026 درج کی۔ جوڑے نے مقام کے طور پر نیوزی لینڈ کی خوبصورت فضا کا انتخاب کیا، کیونکہ ارشدیپ اس وقت انڈین کرکٹ ٹیم کے ہمراہ بلیک کیپس کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے دورے پر ہیں۔ سمرین اس سفر میں بھی ان کے ساتھ ہیں اور ماضی میں بھی آئی پی ایل اور دیگر کرکٹ ٹورز کے دوران ان کے ہمراہ دیکھی جاتی رہی ہیں۔
یہ منگنی تقریباً 4 ماہ بعد ہوئی جب ارشدیپ نے پہلی بار اپنے اور سمرین کے رشتے کو عوام کے سامنے تسلیم کیا تھا۔26 جولائی کو انہوں نے انسٹاگرام پر اداکارہ و ماڈل کے ساتھ 2 تصاویر شیئر کر کے ’مائی پرسن‘ کی سرخی لگائی، جس کے بعد ہفتوں سے چلنے والی چہ مگوئیاں ختم ہوگئیں۔ اس سے قبل آئی پی ایل 2026 کے دوران سمرین کو پنجاب کنگز کے میچوں میں بھرپور جوش کے ساتھ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے دیکھا گیا تھا، جبکہ دھرم شالہ میں جوڑے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے گھومنے کی وائرل ویڈیوز اور تصاویر نے قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی۔ مداحوں نے دونوں کے سوشل میڈیا پوسٹس، سفری تصاویر اور مشترکہ عوامی تقریبات کے ذریعے مبینہ رشتے کے اشارے جوڑنا شروع کر دیے تھے، جو بالآخر منگنی کی خبر پر مہر تصدیق بنے۔
سمرین کور کا تعلق جموں و کشمیر سے ہے۔ وہ اداکارہ، ماڈل اور سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں۔ انہوں نے فیمینا مس انڈیا 2018 میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کرتے ہوئے فائنلسٹ کے طور پر جگہ بنائی۔ اس کے بعد وہ فلم ’83‘، زی فائیو کی سیریز ’نیل پالش‘ اور پنجابی فلم ’سردار جی 2‘ سمیت متعدد پروجیکٹس کا حصہ رہیں۔ معروف گلوکاروں گرو رندھاوا، بادشاہ اور جوبن نوتیال کے میوزک ویڈیوز میں بھی ان کی موجودگی نے شہرت دلائی۔ دوسری جانب ارشدیپ حالیہ نیوزی لینڈ دورے میں اپنی باکمال باؤلنگ سے سرخیوں میں ہیں۔ 27 سالہ پیسر نے آک لینڈ میں پہلے ون ڈے کے بعد گفتگو میں بتایا کہ وکٹ کے بعد ان کا مخصوص جشن سمرین کے نام ہے، کیونکہ وہ اکثر چہل قدمی کے دوران انہی ڈانس اسٹیپس کے ذریعے ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھاتے ہیں، اور جب موڈ اداس ہو تو اسی طرح خوشی بانٹتے ہیں۔
منگنی کے ساتھ ہی ارشدیپ کے کیریئر میں ایک اہم موڑ بھی آیا، جب آئی پی ایل میں ہائی پروفائل ٹریڈ کے تحت ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز کے درمیان تبادلہ طے پایا۔ تصدیق کے مطابق ارشدیپ ممبئی انڈینز میں شامل ہو رہے ہیں جبکہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا پنجاب کنگز کا حصہ بنیں گے، اور یہ سب کچھ آئی پی ایل 2027 کے لیے اسکواڈز کی تشکیل سے قبل فائنل کیا گیا۔ ارشدیپ کی ممبئی منتقلی ان کی موجودہ فیس 18 کروڑ روپے پر ہوئی ہے۔ وہ 2019 میں آئی پی ایل ڈیبیو کے بعد سے پنجاب کنگز کے ساتھ وابستہ تھے اور 96 میچوں میں 111 وکٹیں لے کر فرنچائز کے سرفہرست وکٹ ٹیکر کے طور پر رخصت ہو رہے ہیں۔







