Thursday, November 12, 2026 | 01 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • کے ایم سی کی کاروائی: کالی گھاٹ میں ابھیشیک بنرجی کی رہائش کے سامنے عارضی بانس کا ڈھانچہ اور لوہے کا گیٹ ہٹا دیا گیا

کے ایم سی کی کاروائی: کالی گھاٹ میں ابھیشیک بنرجی کی رہائش کے سامنے عارضی بانس کا ڈھانچہ اور لوہے کا گیٹ ہٹا دیا گیا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 12 Nov 2026

کے ایم سی کی کاروائی: کالی گھاٹ میں ابھیشیک بنرجی کی رہائش کے سامنے عارضی بانس کا ڈھانچہ اور لوہے کا گیٹ ہٹا دیا گیا

کولکاتہ میونسپل کارپوریشن نے پولیس کی مدد سے جمعرات کی صبح جنوبی کولکاتہ کے کالی گھاٹ علاقے میں ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری اور ڈائمنڈ ہاربر سے لوک سبھا کے رکن ابھیشیک بنرجی کی رہائش کے سامنے قائم عارضی بانس کا ڈھانچہ گرا کر ہٹا دیا۔ کے ایم سی کے عملے نے موقع پر بلڈوزر لایا اور پولیس فورس کی موجودگی میں کاروائی مکمل کی تاکہ کسی ممکنہ کشیدگی کو روکا جا سکے۔ اس انہدام کے دوران رہائش کی چہار دیواری کے باہر طویل عرصے سے نصب ایک لوہے کا گیٹ بھی پہلے گیس کٹر سے کاٹ کر پھر ہٹا دیا گیا۔ مقامی باشندوں کی شکایت تھی کہ یہ گیٹ فٹ پاتھ پر قبضہ کرکے لگایا گیا تھا اور پیدل چلنے والوں کے لیے رکاوٹ پیدا کر رہا تھا۔

ترجمان ترنمول کانگریس ارک کمار ناگ نے دعویٰ کیا کہ بدھ کی شام یہ ڈھانچہ پارٹی کارکنوں نے خود رکن پارلیمنٹ کی ہدایت پر ہٹانا شروع کیا تھا، کیونکہ یہ شیڈ ماضی میں پولیس اہلکاروں کے بیٹھنے کے لیے ’زیڈ پلس‘ سیکورٹی کے انتظام کے تحت بنایا گیا تھا۔ ان کے مطابق سکیورٹی انتظام میں تبدیلی کے بعد ’زیڈ پلس‘ ہٹا دی گئی، لہٰذا اس ڈھانچے کی اب ضرورت باقی نہیں رہی تھی اور اسی لیے اسے ختم کرنے کی ہدایت دی گئی۔

یہ معاملہ گزشتہ چند دن سے موضوع بحث بنا ہوا تھا۔ مقامی سطح پر فٹ پاتھ پر تعمیر شیڈ کے باعث عوامی آمدورفت متاثر ہونے کی شکایات سامنے آتی رہیں، جبکہ 6 اور 7 نومبر کی درمیانی شب رکن پارلیمنٹ کی سالگرہ کے موقع پر اسی عارضی شیڈ کے نیچے لوگوں کے جمع ہونے سے علاقے میں کشیدگی بڑھی۔ بدھ کو ابھیشیک بنرجی نے سوشل میڈیا پر کولکاتہ پولیس پر اپنی رہائش کے اطراف مسلسل نگرانی اور مبینہ جاسوسی کا الزام بھی عائد کیا، جس کے فوراً بعد کارکنوں نے ڈھانچے کو ہٹانے کا عمل شروع کیا اور جمعرات کی صبح کے ایم سی نے پولیس کی نگرانی میں اسے مکمل کر دیا۔ حکام کے مطابق کاروائی شہری راستوں کے آزادانہ استعمال اور شہری ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی۔