Friday, November 20, 2026 | 09 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • جوہر یونیورسٹی 2006 تک 90 فیصد مکمل تھی، انہدام ناانصافی ہے: اعظم خان

جوہر یونیورسٹی 2006 تک 90 فیصد مکمل تھی، انہدام ناانصافی ہے: اعظم خان

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 19 Nov 2026

جوہر یونیورسٹی 2006 تک 90 فیصد مکمل تھی، انہدام ناانصافی ہے: اعظم خان

رام پور میں سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اعظم خان نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں الزام لگایا کہ محمد علی جوہر یونیورسٹی کے خلاف کی گئی کاروائی ناانصافی ہے کیونکہ 2004 سے 2006 کے درمیان اس کے تقریباً 90% ڈھانچے مکمل ہو چکے تھے، اس کے باوجود انکم ٹیکس محکمہ نے تعمیراتی لاگت کا تخمینہ موجودہ سی پی ڈبلیو ڈی (دہلی) ریٹس پر لگایا۔ ان کے مطابق اس وقت فی مربع فٹ لاگت تقریباً ر120-125 روپئےتھی، جب کہ محکمے نے روپئے 2400 فی مربع فٹ کا معیار لاگو کیا، حالانکہ سینکڑوں افراد نے رضاکارانہ مشقت کے ذریعے روزانہ تعمیر میں ہاتھ بٹایا۔

اعظم خان نے کہا کہ اس دور میں ای ڈی، انکم ٹیکس یا کسی ترقیاتی اتھارٹی کی مداخلت نہیں تھی، رام پور ڈیولپمنٹ اتھارٹی تو یونیورسٹی کی تعمیر کے تقریباً 10 سال بعد بنی، اس کے باوجود حکام بلڈوزروں کے ساتھ پہنچے اور ڈھانچوں کو منہدم کیا، جسے وہ سنگین زیادتی قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے تلخ تبصرہ کیا کہ اگر سر سید یا مدن موہن مالویہ کے دور میں آج جیسے ادارے ہوتے تو وہ بھی جیل پہنچ جاتے اور بی ایچ یو اور اے ایم یو وجود میں نہ آتے۔

اعظم خان، جو رام پور صدر سے 10 مرتبہ ایم ایل اے اور اتر پردیش کے سابق کابینہ وزیر رہ چکے ہیں، طویل عرصے سے ریاستی سیاست میں اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔ انہی دنوں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے محمد علی جوہر یونیورسٹی کی زمین اور عمارت ضبطی کے لیے اٹیچ کر دی، جس کی بُک ویلیو 426 کروڑ اور موجودہ اندازاً مارکیٹ ویلیو 1170 کروڑ بتائی گئی۔ ای ڈی کے مطابق معاملہ 426 کروڑ کی مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق ہے جو جوہر یونیورسٹی سے جڑی ہے، اور تحقیقات میں بعض ٹھیکے داروں اور ٹرسٹ کے درمیان مالی لین دین کے شواہد سامنے آئے ہیں؛ الزام ہے کہ حکومتی ٹھیکوں سے فائدہ اٹھانے والے بعض کنٹریکٹرز نے رقوم بطور عطیات اور تعمیراتی اخراجات کے ذریعے مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ اور یونیورسٹی کی طرف موڑیں۔

ای ڈی نے 28 اکتوبر کو یونیورسٹی کی جائیداد اٹیچ کرنے کی کاروائی کی اور 31 اکتوبر کو اعظم خان کو گرفتار کیا، تاہم الہ آباد ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں انہیں منگل کو عبوری ضمانت دی، جس کے بعد وہ بدھ کی شام داسنا ڈسٹرکٹ جیل، غازی آباد سے رہائی پا کر اپنے گھر لوٹ آئے۔ عدالت میں اگلی سماعت 10 دسمبر کو مقرر ہے۔ محمد علی جوہر یونیورسٹی، جس کی بنیاد اعظم خان نے 2006 میں رکھی، رام پور میں واقع ایک نجی جامعہ ہے۔ اعظم خان کا کہنا ہے کہ جب بنیادی ڈھانچہ برسوں پہلے کم لاگت اور عوامی تعاون سے کھڑا کیا جا چکا تھا تو آج موجودہ ریٹس کے پیمانے اور بعد ازاں مسماری جیسے اقدامات انصاف کے خلاف ہیں، جب کہ ای ڈی اور دیگر ادارے ان الزامات کی روشنی میں مزید قانونی کاروائی پر مصر ہیں۔