Friday, November 20, 2026 | 09 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ میں کانگریس حکومت پر بدعنوانی کے الزامات، کے ٹی راما راؤ نے حکمراں ایم ایل ایز کے بیانات کا حوالہ دیا

تلنگانہ میں کانگریس حکومت پر بدعنوانی کے الزامات، کے ٹی راما راؤ نے حکمراں ایم ایل ایز کے بیانات کا حوالہ دیا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 19 Nov 2026

تلنگانہ میں کانگریس حکومت پر بدعنوانی کے الزامات، کے ٹی راما راؤ نے حکمراں ایم ایل ایز کے بیانات کا حوالہ دیا

بھارت راشٹر سمیتی کے کار گزار صدر کے ٹی راما راؤ نے جمعرات کو تلنگانہ کی حکمراں کانگریس حکومت پر بڑے پیمانے کی بدعنوانی کے سنگین الزامات عائد کیے اور دعویٰ کیا کہ خود کانگریس کے بعض ارکان اسمبلی اپنی ہی حکومت کے کام کاج پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ پارٹی کے مطابق، کے ٹی راما راؤ نے کانگریس کے ایم ایل اے ،جے انیردھ ریڈی اور منگوڈ کے ایم ایل اے کومٹی ریڈی راج گوپال ریڈی کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیا، جن میں مبینہ طور پر سرکاری کاموں میں کمیشن، ٹینڈروں میں بے ضابطگیوں اور وسیع پیمانے پر لوٹ کھسوٹ کے الزامات شامل ہیں۔

ان کے مطابق، انیردھ ریڈی نے کہا کہ بعض افسران سرکاری منصوبوں کے لیے مبینہ طور پر 15 سے 20 فیصد کمیشن مانگ رہے ہیں، جبکہ راج گوپال ریڈی نے ٹینڈروں میں بے قاعدگیوں اور تقریباً "5 لاکھ کروڑ" کی لوٹ کا الزام عائد کیا۔ کے ٹی راما راؤ کا کہنا تھا کہ یہ بیانات حکومت کے نظم و نسق پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ صورتحال نچلی سطح تک متاثر ہو رہی ہے۔ بی آر ایس رہنما نے مزید الزام لگایا کہ کانگریس کے کئی ایم ایل ایز اپنی اپنی حلقہ جات کے لیے فنڈز جاری نہ ہونے کی شکایات کر رہے ہیں اور بعض نے مالی معاونت کے لیے تحریری درخواستیں بھی دی ہیں۔

ان کا دعویٰ تھا کہ شکایات مل رہی ہیں کہ فنڈز مبینہ طور پر کوڑنگل کی طرف موڑے جا رہے ہیں جبکہ دیگر حلقوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں اور حکمراں جماعت کے ارکان بے بسی کا اظہار کر رہے ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے یہ بھی کہا کہ کانگریس حکومت اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے اور جیسے جیسے حکمراں جماعت کے قائدین ایک دوسرے کے خلاف بولیں گے مزید بدعنوانی کے معاملات سامنے آئیں گے۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ بی آر ایس دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور خبردار کیا کہ بدعنوانی کے ذریعے جمع ہونے والا ہر روپیہ برآمد کیا جائے گا اور اگر ذمہ داری ثابت ہوئی تو کسی کو نہیں بخشا جائے گا، چاہے وہ ایم ایل اے ہو یا وزیراعلیٰ۔ اسی دوران، بی جے پی کے قائدین نے بھی منگل کو کانگریس کی زیرقیادت حکومت پر وسیع بدعنوانی کے الزامات لگائے اور کہا کہ منصوبوں کے حصول اور بقایا جات کی ادائیگی کے لیے ٹھیکیداروں اور ایجنسیوں سے 20 سے 40 فیصد تک کمیشن وصول کیا جا رہا ہے۔