ممبئی کے علاقے بھنڈی بازار میں واقع خستہ حال حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانے کی انہدامی کاروائی کے معاملے میں بامبے ہائی کورٹ نے جمعرات کو سماعت کے بعد واضح حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت تک ڈھانے کا عمل روک دیا جائے۔ عدالت نے کیس کی اگلی تاریخ 25 نومبر مقرر کی اور ہدایت دی کہ اب تک جتنی انہدامی کاروائی کی جا چکی ہے، اس کی تفصیلی تصاویر اور ریکارڈ محفوظ کیا جائے تاکہ آگے کی سماعت میں حقائق واضح ہوں۔
واضح رہےکہ ممبئی کے بھینڈی بازار (پاکموڈیا اسٹریٹ) میں واقع حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ نامی عمارت کو داؤد ابراہیم کا آبائی مکان اور پرانا ٹھکانہ مانا جاتا ہے، جس کے انہدام کی کارروائی بی ایم سی نے شروع کی تھی، تاہم بامبے ہائی کورٹ نے اس پر عارضی روک لگا دی ہے۔
درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل ثنا یوسف پیش ہوئیں جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ موقعے پر ڈھائی گئیں دیواریں اور ہٹایا گیا ملبہ بھی ریکارڈ میں لایا جائے گا اور اب 25 نومبر تک مزید کوئی پیش قدمی نہیں ہو گی۔ بی ایم سی کے مطابق یہ کار روائی اچانک نہیں تھی بلکہ قانونی نوٹسوں کے سلسلے کا حصہ ہے، جبکہ درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ میونسپل کارپوریشن نے اچانک نوٹس جاری کر کے مناسب مہلت دیے بغیر انہدام شروع کیا۔
بی ایم سی کے وکلاء نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پہلا نوٹس 2018 میں جاری ہوا تھا اور عمارت کو سی-1 زمرے میں، یعنی انتہائی خطرناک قرار دے کر ضروری حفاظتی اقدام اٹھائے گئے۔ عدالت نے سماعت کے دوران یہ سوال بھی اٹھایا کہ متعلقہ جائیداد وقف کے دائرے میں آتی ہے یا نہیں۔
درخواست گزاروں نے توجہ دلائی کہ عمارت کے گراؤنڈ فلور میں واقع نماز کا کمرہ مسجد ہے، اسے وقف جائیداد سمجھا جاتا ہے اور اس حیثیت کے تصفیے سے متعلق مقدمہ وقف ٹریبونل کے سامنے زیر التوا ہے۔ ان کے مطابق انہدام سے متعلق بعض سابق احکامات پر 2024 اور 2025 میں روک بھی لگ چکی ہے، اس لیے نئی پیش رفت کو روکا جانا ضروری ہے تاکہ مذہبی مقام اور قانونی ملکیت کے سوالات پر باضابطہ فیصلہ آ سکے۔ شہری حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کی زبوں حالی کے باعث عوامی سلامتی کو خطرہ تھا، اسی لیے بھنڈی بازار کی باز آبادکاری اور سڑک کی توسیع کے منصوبے کے تحت بھی اسے منہدم کرنا مقصود تھا۔
ریکارڈ کے مطابق بی ایم سی نے 16 نومبر کو نوٹس جاری کر کے 18 اور 19 نومبر کو توڑ پھوڑ کی کاروائی کی اطلاع دی تھی اور 19 نومبر کو پولیس کی نگرانی میں عمل درآمد شروع ہوا۔ تاہم ہائی کورٹ کے تازہ حکم کے بعد تمام فریق اب 25 نومبر کی سماعت تک اپنی قانونی اور تکنیکی دستاویزات، تصاویر اور گزارشات تیار کریں گے، جس کے بعد عدالت حقائق اور سلامتی کے تقاضوں کے ساتھ مذہبی و ملکیتی دعووں کا بھی جائزہ لے گی اور آئندہ کاروائی کی سمت متعین کرے گی۔







