Thursday, October 22, 2026 | 10 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • تہاڑ جیل سے رہائی کے بعد سوربھ داس کا مزاحیہ انداز وائرل، بولے: جیل میں آئینہ ہی نہیں تھا

تہاڑ جیل سے رہائی کے بعد سوربھ داس کا مزاحیہ انداز وائرل، بولے: جیل میں آئینہ ہی نہیں تھا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Md Shahbaz | Last Updated: 22 Oct 2026

تہاڑ جیل سے رہائی کے بعد سوربھ داس کا مزاحیہ انداز وائرل، بولے: جیل میں آئینہ ہی نہیں تھا
تہاڑ جیل سے رہائی کے بعد کاکروچ جنتا پارٹی کے ترجمان سوربھ داس اپنے مزاحیہ انداز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں۔ ان کی کئی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جن میں وہ جیل میں گزارے گئے وقت سے متعلق سوالات کے دلچسپ جواب دیتے نظر آ رہے ہیں۔ جیل سے باہر آنے کے بعد بھی سوربھ داس نے اپنے مزاحیہ انداز کو برقرار رکھا، جسے سوشل میڈیا پر کافی توجہ مل رہی ہے۔
 
ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ جیل سے واپس آنے کے بعد وہ کیسا محسوس کر رہے ہیں، تو سوربھ داس نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہوں نے جیل میں ملنے والی ہر چیز کھائی، جس میں دال، روٹی اور سبزیاں شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ باہر آکر انہیں بہت اچھا لگ رہا ہے اور اپنی پوری ٹیم کو دوبارہ دیکھ کر وہ بے حد خوش ہیں۔
 
جیل میں رہنے کے دوران سوربھ داس کی داڑھی بڑھ گئی ہے۔ جب ایک شخص نے ان کی توجہ اس جانب دلائی تو انہوں نے اسے اپنا نیا انداز قرار دیتے ہوئے مزاحیہ انداز میں پوچھا، آپ کو میرا یہ نیا لک کیسا لگا؟ ایک دوسرے انٹرویو میں جب کسی نے ان سے کہا کہ انہیں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، تو سوربھ نے فوراً جواب دیا، میں خود کو دیکھ کر بھی بہت خوش ہوں، کیونکہ جیل کے اندر تو کوئی آئینہ ہی نہیں تھا!
 
واضح رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کے ترجمان سوربھ داس اور آشوتوش رنکا کو تحریری معافی نامہ اور حلف نامہ جمع کرانے کے بعد ضمانت ملی تھی۔ دونوں نے اسپیشل ایگزیکٹو مجسٹریٹ (SEM) کو تحریری یقین دہانی کرائی کہ وہ امن برقرار رکھیں گے اور جنتر منتر پر اس وقت تک کوئی احتجاج نہیں کریں گے، جب تک اس مقام کو قانون کے مطابق باضابطہ طور پر ڈی نوٹیفائی نہیں کردیا جاتا۔
 
جنتر منتر پر تجاوزات کے معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک، اسپیشل ایگزیکٹو مجسٹریٹ رتو راج نے دونوں کی رہائی کا حکم دیا۔ اس کے لیے سوربھ داس اور آشوتوش رنکا کو فی کس 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے اور ضمانتی بانڈ جمع کرانے پڑے۔ جیل سے رہائی کے بعد سوربھ داس کے مزاحیہ تبصروں نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ ان کے دلچسپ جوابات کی ویڈیوز مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کی جا رہی ہیں۔