ہند- امریکہ کے تعلقات اس وقت تاریخی بلندی پر ہیں اور دونوں حکومتیں منصفانہ، باہمی اور مساوی فوائد پر مبنی تجارتی رشتے کی تشکیل کے لیے قریب سے کام کر رہی ہیں۔ یہ بات جمعرات کو دہلی میں منعقدہ انڈو۔امریکہ اکنامک سمٹ کے 23ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کے ڈپٹی چیف آف مشن جیسن میکس نے کہی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تجارتی رکاوٹوں میں کمی، منصفانہ مارکیٹ تک رسائی اور سپلائی چینز کی لچک کو مضبوط بنانا دونوں معیشتوں کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ میکس کے بقول جب تجارت منصفانہ اور باہمی ہو تو دونوں طرف کے کارکن اور کمپنیاں جیتتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے صرف اشیا کی تجارت سے کہیں آگے حقیقی پیش رفت کی ہے اور توانائی، دواسازی، اہم معدنیات، ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ میں شراکت داری کو وسعت دی ہے۔ ان کے مطابق ایسی فضاء بنانا ناگزیر ہے جہاں امریکی سپلائرز اور ٹیکنالوجی بآسانی ہندوستانی صنعت کاروں اور صارفین تک پہنچ سکیں جبکہ ہندوستانی کمپنیاں امریکی منڈیوں میں منصفانہ مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ حالیہ اقدامات دونوں طرف سرمایہ، مہارت اور اختراع کے بہاؤ کو سہل بنا رہے ہیں، جس سے روزگار میں اضافہ اور پیداواری لاگت میں کمی ممکن ہو رہی ہے۔
جیسن میکس نے پاکس سِلیکا نامی بین الاقوامی پہل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ، ہندوستان اور دیگر ممالک نے حال ہی میں سان فرینسِسکو ڈیکلیریشن پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد سپلائی چینز کی مضبوطی کو یقینی بنانا ہے۔ پاکس سِلیکا ایک امریکی قیادت میں قائم اتحاد ہے جس کا اعلان دسمبر 2025 میں کیا گیا تھا، جس کے ذریعے مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز اور اہم معدنیات کی قابلِ اعتماد اور محفوظ سپلائی چینز کو اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر استوار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ہندوستانی مینوفیکچررز خصوصاً آٹو پارٹس، دواسازی اور الیکٹرانکس میں عالمی سپلائی چینز کے قابلِ بھروسہ شریک کار کے طور پر ابھر رہے ہیں، جبکہ امریکی کمپنیاں ٹیکنالوجی، سرمائے اور مہارت کے ذریعے اس شراکت کو تقویت دے رہی ہیں۔
انہوں نے ہندوستانی کمپنیوں کو امریکہ میں اپنے آپریشنز وسیع کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن مینوفیکچرنگ، تحقیق و ترقی اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواہ آپ مینوفیکچرنگ دیکھ رہے ہوں، آر اینڈ ڈی مراکز قائم کرنا چاہتے ہوں یا ترسیلی نیٹ ورکس کی توسیع کے متمنی ہوں، ریاست ہائے متحدہ کاروبار کے لیے کھلا ہے۔







