Wednesday, November 18, 2026 | 07 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • اقوامِ متحدہ میں او آئی سی تعاون قرارداد پر انڈیا کی مخالفت، ترکیہ کی عدم شمولیت پر سخت احتجاج

اقوامِ متحدہ میں او آئی سی تعاون قرارداد پر انڈیا کی مخالفت، ترکیہ کی عدم شمولیت پر سخت احتجاج

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 17 Nov 2026

اقوامِ متحدہ میں او آئی سی تعاون قرارداد پر انڈیا کی مخالفت، ترکیہ کی عدم شمولیت پر سخت احتجاج

بھارت نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تنظیم تعاونِ اسلامی سے متعلق ایک قرارداد کے مذاکراتی عمل سے اپنی اور کچھ دیگر ممالک کی دانستہ عدم شمولیت پر شدید اعتراض کرتے ہوئے اس مسودے کے خلاف ووٹ دیا ہے۔ یہ مسودہ جنرل اسمبلی میں 112 ووٹوں سے منظور ہوا، جبکہ 6 ملکوں نے مخالفت اور 39 نے غیرحاضری اختیار کی۔بھارت کی نائب مستقل نمائندہ برائے اقوامِ متحدہ، سفیر یوجنا پٹیل نے کھلے عام کہا کہ مذاکرات میں شفافیت اور جامعیت کا فقدان رہا اور ترکیہ، جو اس قرارداد کا سہولت کار تھا، نے رابطہ کاری ایسے انداز میں کی جس سے اعتماد مجروح ہوا۔ انہوں نے جنرل اسمبلی کے صدر سے مطالبہ کیا کہ اس طرزِ عمل کی جانچ ہو اور آئندہ اس کی تکرار روکی جائے۔

سفیر یوجنا پٹیل کے مطابق او آئی سی کے مستقل مبصر مشن نے قرارداد کے مسلسل نئے مسودات گردش کراتے ہوئے ہندوستانی وفد اور چند دیگر رکن ممالک کو مشاورت سے خارج رکھا۔ ہندوستان نے کہا کہ یہ رویہ اقوامِ متحدہ کے کثیرالجہتی عمل کی روح کے منافی ہے۔ ہندوستان کے ساتھ ارمینیا، قبرص، یونان، اسرائیل اور ریاست ہائے متحدہ نے بھی قرارداد کی مخالفت کی، جب کہ قبرص اور یونان نے بھی انقرہ پر مذاکراتی شفافیت نہ برتنے کا الزام دہرایا۔

بھارت نے قرارداد کے مواد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ متن میں او آئی سی کے دائرۂ کار کو ایسے تنازعات تک وسعت دینے کی بات کی گئی ہے جن سے متعلق اس کی نوعیت واضح نہیں۔ سفیر پٹیل نے کہا کہ او آئی سی کوئی علاقائی تنظیم نہیں، اس لیے اس کے اختیار میں اس طرح کی توسیع کی دلیل سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی کہ مسودے میں جولائی میں اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خواتین کے 9ویں اجلاس کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کی منظورہ اعلامیہ میں جموں و کشمیر کے بارے میں ایسے تذکرے شامل تھے جنہیں بھارت قطعی مسترد کرتا ہے۔

سفیر پٹیل نے کہا کہ قرارداد ان دستاویزات اور بیانات کا حوالہ دیتی ہے جن میں ہندوستان کے بارے میں بے بنیاد اور حقائق سے عاری دعوے درج ہیں۔ ان کے مطابق بدقسمتی سے او آئی سی کا فورم محدود سیاسی مقاصد کے لیے بارہا استعمال ہورہا ہے، اور او آئی سی کو ہندوستان کے داخلی امور پر رائے زنی کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا کہ او آئی سی کو ایک رکن ملک نے منظم انداز میں ہندوستان کے خلاف جھوٹی اور بےبنیاد الزامات کے ذریعے قراردادوں اور اعلامیوں کو ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کیا ہے۔

بھارت نے او آئی سی سے اپیل کی کہ وہ معروضیت، تعمیری مکالمے اور باہمی احترام کے اصولوں پر قائم رہے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کے نتائج تنگ سیاسی ایجنڈوں کی آماجگاہ نہ بنیں۔