Wednesday, November 18, 2026 | 07 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • لداخ میں 21 نومبر کو پنچایت اور بلدیاتی انتخابات : ایل اے ایچ ڈی سی 4 دسمبر کوپولنگ

لداخ میں 21 نومبر کو پنچایت اور بلدیاتی انتخابات : ایل اے ایچ ڈی سی 4 دسمبر کوپولنگ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 17 Nov 2026

لداخ میں 21 نومبر کو پنچایت اور بلدیاتی انتخابات : ایل اے ایچ ڈی سی  4 دسمبر کوپولنگ

الیکشن کمشنر لداخ سادھنشو پانڈے نے منگل کو ضلع لہہ میں آئندہ پنچایت اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جامع جائزہ لیا۔ یہ اجلاس ڈپٹی کمشنر لےہ کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے تاکہ پولنگ کے پُرسکون، شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔ یونین ٹیریٹری لداخ میں پنچایت اور بلدیاتی انتخابات 21 نومبر کو مقرر ہیں، جب کہ لداخ خود مختار ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات تمام اضلاع میں 4 دسمبر کو ہوں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی اور تیاری، پولنگ عملے کی تعیناتی، سکیورٹی ڈپلائمنٹ، ٹرانسپورٹ سہولتیں، بیلٹ اور دیگر انتخابی مواد کی دستیابی سمیت تمام لوجسٹک تقاضوں پر عمل درآمد تیزی سے جاری ہے۔ سادھنشو پانڈے نے ہدایت دی کہ متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھی جائے اور تمام ضروری انتظامات مقررہ وقت میں مکمل ہوں تاکہ ووٹرز بلا رکاوٹ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی تاخیر یا کوتاہی کی گنجائش نہیں ہوگی اور فیلڈ سطح پر نگرانی کا نظام مضبوط رکھا جائے۔

اجلاس میں پولیس کے کردار پر خصوصی غور ہوا، بالخصوص پولنگ کے دن اور اس سے قبل امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے، حساس اور انتہائی حساس مقامات پر اضافی نفری کی تعیناتی، مجسٹریٹس کے ساتھ مشترکہ گشت، اور پولنگ اسٹیشنوں کی ریل ٹائم سکیورٹی مانیٹرنگ کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام کے مطابق ٹرانسپورٹ پلان کے تحت دور افتادہ علاقوں تک انتخابی عملہ اور مواد کی محفوظ رسائی کے لیے اضافی گاڑیاں مختص کی گئی ہیں، جب کہ موسمی حالات کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کی پیش بندی بھی کی جا رہی ہے۔

پیر کو چیف سکریٹری لداخ آشیش کندرا نے بھی لےہ میں ایک علیحدہ اجلاس میں مجموعی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے مؤثر مانیٹرنگ اور قریبی ہم آہنگی کی ہدایات دیں تاکہ یہ انتخابی عمل شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹوں اور پولنگ عملے کی ٹریننگ کے شیڈولز کو فائنل کیا جا رہا ہے، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں اور شکایات کے اندراج و ازالے کے لیے ہیلپ لائن اور کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔ سادھنشو پانڈے نے باور کرایا کہ انتخابی ضابطوں کی خلاف ورزی پر فوری کاروائی ہوگی اور معذور ووٹرز و بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے ریمپس، سائن ایج اور بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ بروقت اقدامات اور قریبی رابطہ کاری کے نتیجے میں 21 نومبر اور 4 دسمبر کے انتخابات پُرسکون ماحول میں انعقاد پذیر ہوں گے۔